بنکاک ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ انڈیا نے دہشت گردی اور علحدگی پسندی کے بیج بونے کے پس پردہ بڑی وجہ کو ختم کردیا ہے، جو جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 کی منسوخی اور اس ریاست کی تنظیم جدید کا واضح اشارہ ہے۔ وزیراعظم کے یہ ریمارکس تھائی لینڈ کے دارالحکومت شہر میں ہندوستانی برادری سے ملاقات کے موقع پر سامنے آئے۔ ہندوستانیوں نے وزیراعظم کا تالیوں کی گونج میں استقبال کیا اور تقریباً 5,000 لوگ ان کیلئے اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے۔ مودی نے کہا کہ جب کوئی فیصلہ درست ہوتا ہے تو اس کی گونج سارے کرۂ ارض پر سنائی دیتی ہے اور یہی یہاں ہوا ہے۔