ہندوستان نے مزید کارروائی نہ کی تو پاکستان جوابی کارروائی نہیں کرے گا:خواجہ آصف

   

اسلام آباد: ہندوستانی مسلح افواج کے آپریشن سندور سے مایوس پاکستان نے کہا ہے کہ اگر ہندوستان مزید کارروائی نہیں کرتا ہے تو وہ جوابی کارروائی نہیں کرے گا۔پاکستان کے وزیردفاع خواجہ آصف نے آج سوشل میڈیا پر ایک ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی ہندوستان کی طرف سے شروع کی گئی اور ہم نے اس کے بعد جوابی کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان روکے گا تو پاکستان بھی جوابی کارروائی نہیں کرے گا۔آصف نے کہا کہ اگر ہندوستان کارروائی روکنے کیلئے تیار ہے تو ہم بھی اس معاملے کو حل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اس لیے پاکستان کشیدگی ختم کرنے اور امن قائم کرنے کی پیشکش کرتا ہے ۔ہندوستان نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کا بدلہ لینے کیلئے منگل کی رات دیر گئے آپریشن سندور شروع کیا اور تیز رفتار حملوں کے ذریعے صرف 25 منٹ میں پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں نو دہشت گرد کیمپوں کو تباہ کر دیا۔ ان حملوں میں 80 سے زائد دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ 22 اپریل کو، پاکستان اور لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے تربیت یافتہ دہشت گردوں نے جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر حملہ کیا تھا، جس میں 25 ہندوستانی اور ایک نیپالی شہری ہلاک ہوا۔