جوہر (ملیشیا)، 12 اکتوبر (آئی اے این ایس) ہندوستان کی جونئر ہاکی ٹیم نے سلطان جوہر کپ 2025 میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 4-2 سے شکست دی اور ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہی۔ ہندوستان کی جانب سے ارشدیپ سنگھ (2)، پی بی سنیل (15)، اراجیت سنگھ ہنڈال (26) اور رومن کمار (47 منٹ) نے گول کیے، جبکہ نیوزی لینڈ کے لیے گس نیلسن (41) اور ایڈن میکس (52) کامیاب رہے۔ ہندوستان نے میچ کے آغاز میں ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور دوسرے منٹ میں ارشدیپ نے پہلاگول بنایا۔ سنیل نے پہلاکوارٹر ختم ہونے سے قبل دوسرا گول کر کے برتری دگنی کردی۔ دوسرے کوارٹر میں اراجیت نے تیسرا گول کیا، جب کہ رومن کمار نے چوتھے کوارٹر میں پنالٹی کارنر پر چوتھا گول کر کے فتح کو یقینی بنایا۔ نیوزی لینڈ نے دوگول کیے، مگر ہندوستانی دفاع نے مضبوطی سے میچ پرگرفت بنائے رکھی۔ہندوستان اب اپنا اگلا میچ 14 اکتوبرکو روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔