نورسلطان۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سینئر ٹینس کھلاڑی لینڈر پیس نے ڈیوس کپ میں اپنا ریکارڈ مزید بہتر کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف ہندوستان کو 4-0 کی کامیابی دلانے میں اہم رول ادا کرتے ہوئے 2020ء کوالیفائرس میں قومی ٹیم کو پہنچا دیا ہے۔ پاکستان جس نے اپنے ملک سے ڈیوس کپ مقابلوں کو تیسرے مقام پر منتقل کرنے اور ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کے بائیکاٹ کے بعد نوجوانوں کھلاڑیوں کو ہندوستان کے خلاف میدان میں اتارا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ محمد شعیب اور حفیضہ عبدالرحمن کو پیس اور جیون کی جوڑی کے خلاف صرف 53 منٹوں میں 6-1، 6-3 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ گزشتہ برس پیس، ڈیوس کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 43 مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا تھا۔ 46 سالہ پیس 56 مقابلوں میں 43 مقابلے اپنے نام کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ بنایا تھا، اس سے قبل یہ ریکارڈ پٹرانگلی کے نام تھا جنہوں نے 42 فتوحات حاصل کی تھی۔