ہندوستان نے کانپور ٹسٹ اور سیریز جیت لی

   

کانپور۔ یہاں کھیلے گئے دوسرے ٹسٹ کے دوسرے اور تیسرے دن بارش کی وجہ سے مقابلہ نہ ہونے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ ڈرا ہو جائے گا لیکن ٹیم انڈیا نے ایسا نہیں ہونے دیا۔ ہندوستانی ٹیم نے کانپور ٹسٹ کے پانچویں دن بنگلہ دیش کو یکطرفہ انداز میں شکست دے دی۔ ٹیم انڈیا کو دوسرا ٹسٹ جیتنے کے لیے صرف 95 رنزکا ہدف ملا تھا، جسے اس نے آسانی سے حاصل کر لیا۔ ہندوستانی ٹیم نے صرف 17.2 اوور میں تین وکٹ گنواکر میچ جیت لیا۔ اس جیت کے بعد ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل میں مزید مضبوط ہوگئی ہے اور نمبر ایک پر برقرار ہے۔ کانپور ٹسٹ کے چوتھے دن ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں صرف 233 رنز پر آؤٹ کردیا تھا ۔ اس کے بعد چوتھے دن ہی ٹیم انڈیا نے پہلی اننگز میں 35 اوور بھی بیٹنگ نہیں کی اور اسکور بورڈ پر285 رنز بنائے۔ ہندوستانی ٹیم کی اس بیٹنگ سے اچانک کانپور ٹسٹ ڈرا کی طرف بڑھنے لگا۔ اس کے بعد پانچویں دن ہندوستانی بولروں نے تباہی مچا دی اور بنگلہ دیش کو صرف 146 رنز پر آؤٹ کردیا اور پھر یشسوی جیسوال اور ویراٹ کوہلی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم انڈیا کو جیت دلائی۔ کانپور میں ہندوستانی ٹیم کی جیت کی کہانی کپتان روہت شرما اورگوتم گمبھیر کی حکمت عملی سے لکھی گئی ۔ درحقیقت کھیل کے پہلے دن بھی بارش نے کھیل میں خلل ڈالا اور صرف 35 اوورز کا کھیل ہو سکا۔ اس کے بعد بارش اور میدان گیلا ہونے کی وجہ سے دوسرے اور تیسرے دن ایک بھی گیند نہیں کی جا سکی۔ اب ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ ڈرا ہو جائے گا اور ٹیم انڈیا کو ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل میں نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، لیکن گمبھیر ۔ روہت کے ارادے مختلف تھے اور انہوں نے جارحانہ کرکٹ کھیل کر میچ جیتنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی ٹیم کے بیٹرس نے ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 50، 100، 150، 200 اور250 رنز بناکر دکھا دیا کہ وہ میچ جیتنے کے لیے کیا کرسکتے ہیں۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا کو اپنے بولروں کا بھی سہارا ملا اور بمراہ ، اشون اور جڈیجہ کی تینوں نے بنگلہ دیش کی شکست کا فیصلہ کیا۔ یشسوی جیسوال نے کانپور میں بیٹنگ میں کمال کیا۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے اس اوپنر نے پہلی اننگز میں صرف 51 گیندوں پر 72 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں اس کھلاڑی نے 51 رنز بنائے۔ یشسوی جیسوال سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ہندوستانی ٹیم نے کانپور ٹسٹ میں 7 وکٹوں کی کامیابی کے ساتھ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز 2-0 سے جیت لی ہے ۔جیسوال کو مقابلہ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ اشون سیریز کے بہترین کھلاڑی رہے۔