ملبورن ۔ 27 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی وومن ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کے شاندار مظاہرے اور ناقابل تسخیر موقف ہنوز جاری ہے جیسا کہ اس نے سنسنی خیز مقابلہ میں نیوزی لینڈ کو تین رنز سے شکست دیکر نہ صرف متواتر تیسری کامیابی حاصل کی بلکہ سیمی فائنل میں بھی رسائی حاصل کرلی ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز اسکور کئے تھے اور اہم موقع پر اس نے حریف بیٹسمین کیر کی شاندار بیٹنگ کو قابو میں رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ ٹیم کو 130/6 تک محدود رکھا۔ کیر نے 19 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 34 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی کے قریب پہنچا دیا تھا لیکن وہ آخری وار کرنے میں ناکام رہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں ایم این گرین نے 23 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 اور مارٹن نے 28 گیندوں میں 25 رنز اسکور کئے۔ ہندوستانی بولروں میں سب ہی کھلاڑیوں نے کفایتی بولنگ کرتے ہوئے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں مقابلہ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کرنے والی نوجوان اوپنر شفالی ورما نے ایک اور جارحانہ اننگز کھیلی۔ شفالی نے 34 گیندوں میں چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 46 رنز اسکور کئے۔ وکٹ کیپر بھاٹیہ نے 25 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 23 اور ریڈری گاس نے 9 گیندوں میں 10 رنز بنائے۔ لوور آرڈر میں پونم یادو نے 9 گیندوں میں ایک چھکا لگاتے ہوئے 14 رنز اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ کیلئے کیر نے کامیاب بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21 رنز جبکہ مائیر نے 27 رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔