نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے ڈیجیٹل لین دین اور بینکنگ نظام سے اس میں آئی تبدیلیوں کا حوالے دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان نے دنیا کو دکھادیا ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کو اپنانے میں سب سے آگے ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مالیاتی ٹکنالوجی کے قائدانہ فورم ’ان فنیٹی فورم ‘ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ کرنسی کی تاریخ میں زبردست ارتقاء دیکھنے کو ملا ہے ۔ وزیراعظم نے بتایا کہ گزشتہ سال ہندوستان میں پہلی بار، اے ٹی ایم سے نقد پیسے نکالنے کے مقابلے موبائل سے زیادہ ادائیگیاں کی گئیں۔ مکمل طور پر ڈیجیٹل بینک جن کا کوئی فزیکل برانچ آفس نہیں ہے ، پہلے ہی ایک حقیقت بن چکے ہیں اور ان میں سے کچھ بینک ایک دہائی سے بھی کم عرصہ میں عوامی مقام بنے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح انسانوں کا ارتقاء ہوا ہے اسی طرح سے ہماری لین دین کی شکلوں کا بھی ارتقاء ہوا ہے۔ بارٹر سسٹم (ایک سامان کے بدلے دوسرے سامان کا لین دین) سے لے کر دھات تک ، سکوں سے لے کر نوٹ تک ، چیک سے لے کر کارڈ تک ،آج ہم یہاں پہنچے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کہاکہ ہندوستان نے دنیا کو یہ بتادیا ہے کہ ٹکنالوجی یا اس سے متعلق اختراعات کو اپنانے کے معاملے میں ہم کسی سے کم نہیں ہیں۔