ہندوستان ٹیم کی قیادت ایک بڑا اعزاز اور بڑی ذمہ داری

   

Ferty9 Clinic

انگلینڈ کے خلاف سیریز شاندار ہونے کا عزم ۔ ٹیم انڈیا کے نو نامزد ٹسٹ کپتان شبھمن گل کا انٹرویو

نئی دہلی : ٹیم انڈیا کے نو نامزد ٹسٹ کپتان شبھمن گل نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف مجوزہ پانچ ٹسٹ میچس کی سیریز بہت شاندار ہونے والی ہے اور ہندوستانی ٹیم کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے ۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کا 20 جون سے آغاز ہونے والا ہے ۔ گل نے ہندوستان کی ٹسٹ قیادت ایسے وقت میں سنبھالی ہے جبکہ سینئر بلے باز روہت شرما اور ویراٹ کوہلی اور سینئر آل راونڈر روی چندرن اشون ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہوچکے ہیں۔ ہندوستان کی دورہ کرنے والی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی اور ٹیم کے کئی ارکان پہلی بار انگلینڈ کا دورہ کریں گے ۔ گل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یقینی طور پر یہ ایک زبردست موقع ہے ۔ نوجوان جب کرکٹ کھیلنے کا آغاز کرتے ہیں تو وہ ہندوستان کیلئے کھیلنے کی خواہش کرتے ہیں اور صرف ہندوستان نہیں بلکہ وہ ٹسٹ کرکٹ بھی طویل وقت تک کھیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع حاصل کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے ۔ ایک بڑی ذمہ داری ہے ۔ وہ اس شاندار موقع سے استفادہ کے منتظر ہیں اور ان کے خیال میں انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز بہت شاندار ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ کھلاڑیوں کے کپتان ہونگے اور اپنے ساتھیوں کی حمایت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مثالی قیادت میں یقین رکھتے ہیں۔ صرف کاررکدگی کے ذریعہ نہیں بلکہ وہ سمجھتے ہیں کہ میدان کے باہر بھی ڈسیپلن اور سخت محنت کی ضرورت ہوگی ۔ ایک کپتان کی حیثیت سے ایک لیڈر میں صلاحیت ہونی چاہئے تاکہ وہ یہ جان سکے کہ کب اسے مداخلت کرنی ہے اور کب کھلاڑیوں کو کھل کر موقع دیا جانا چاہئے ۔ شبھمن گل نے کہا کہ ایک اچھا لیڈر وہی ہوتا ہے جو یہ سمجھ سکے کہ اس کے کھلاڑی کس طرح سے بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ کھلاڑیوں سے بات کرنا اور انہیں سمجھنا بھی بہت زبردست موقع ہوسکتا ہے اور ایک دوسرے کو کرکٹ سے ہٹ کے بھی جاننا ضروری ہے تاکہ ان کی بہترین صلاحیتوں سے استفادہ کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت بلے باز وہ میدان پر فیصلے کرنے کے اہل ہونگے ۔ میدان پر وہ بلے باز کی حیثیت سے فیصلے کریں گے کپتان کی حیثیت سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ میں اگر وہ دوسری باتیں سوچیں گے تو ان پر دباؤ آجائیگا ۔ جب ہم پچ پر بلے بازی کرتے ہیں تو وہاں خطرات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ گل نے کہا کہ ہندوستانی ٹسٹ ٹیم کی قیادت ان کیلئے ایک بڑے اعزاز سے کم نہیں اور یہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے جسے پوری کرنے کی وہ ہر ممکن کوشش کریں گے ۔