ہندوستان ٹی 20ورلڈ کپ کیلئے پسندیدہ ٹیم : بٹلر

   

احمدآباد : انگلینڈ کے محدود اوور کے نائب کپتان جوز بٹلر سمجھتے ہیں کہ رواں برس ہندوستان میں منعقد شدنی ٹی 20ورلڈ کپ کیلئے میزبان ٹیم پسندیدہ موقف میں ہیں ۔ ہندوستان جس نے 2007ء میں ٹی 20کا افتتاحی ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا وہ رواں برس اکٹوبر / نومبر میں ورلڈ کپ کی میزبانی کررہا ہے ۔ بٹلر نے برطانوی میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم ورلڈ کپ کھیلیں گے تو میزبان ہندوستان کی ایک مضبوط ٹیم کو بھی ٹورنمنٹ میں پائیں گے اور وہ خطاب کیلئے مضبوط دعویدار ہے ۔ گذشتہ چند ورلڈ ٹورنمنٹ کے دوران میزبان ٹیموں کے شاندار مظاہرے سامنے آئے ہیں اور ٹی 20کرکٹ میں خاص طور پر ہندوستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور وہ خطاب کیلئے پسندیدہ موقف میں ہے ۔ یاد رہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20مقابلوں کی سیریز کا جمعہ کو آغاز ہورہا ہے اور دونوں ہی ٹیموں کیلئے یہ ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع ہوگا ۔ اس ضمن میں بٹلر نے کہا کہ یہ سیریز ہمارے لئے ورلڈ کپ کے تناظر میں اہمیت کی حامل ہے ۔