ہندوستان پرمزید ٹیرف اور سخت پابندیوں کی دھمکی: امریکی صدر ٹرمپ

   

واشنگٹن ۔7اگست ( ایجنسیز)امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان کے خلاف بڑا معاشی حملہ کرتے ہوئے 50 فیصد تک اضافی ٹیرف عائد کر دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ یہ صرف شروعات ہے۔ امریکی صدر نے ہندوستان کی جانب سے روسی تیل کی مسلسل خریداری پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ ہندوستان کو اس فیصلے کی قیمت چکانی پڑے گی۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ابھی صرف آٹھ گھنٹے ہوئے ہیں، دیکھیں آگے کیا ہوتا ہے۔ آپ کو مزید سخت پابندیاں دیکھنے کو ملیں گی۔ یہ صرف شروعات ہے!مودی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے امریکی حکام نے اشارہ دیا ہے کہ ہندوستان پر نہ صرف اضافی ٹیرف بلکہ ممکنہ طور پر مالی جرمانے اور دیگر تجارتی رکاوٹیں بھی عائد کی جائیں گی۔ اپوزیشن نے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ غلط معاشی فیصلوں کی قیمت اب پورے ہندوستان کو چکانا پڑ رہی ہے۔

روس سے تیل خریدنے پر چین پر بھی مزید ٹیرف عائد کیا جاسکتا ہے
ٹرمپ کا انتباہ

واشنگٹن:7 اگست ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ روس سے تیل خریدنے کی وجہ سے چین پر بھی مزید سخت ٹیرف عائد کیا جاسکتا ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت پر50فی صد ٹیرف لگایاہے چین پر بھی ٹیرف کا اعلان کر سکتے ہیں۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ روس سے تیل خریدنے کی وجہ سے چین پر بھی مزید سخت ٹیرف عائد کیا جاسکتا ہے جبکہ روس پر ٹیرف کا تعین بعد میں کریں گے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روسی حکام سے بات چیت میں خاصی پیش رفت ہوئی ہے۔یہ ایک اچھا موقع ہے، روسی حکام سے بہت جلد ملاقات ہو گی۔ مائیکروچپس اور سیمی کنڈکٹرز کی در آمد پر تقریباً 100 فیصد ٹیرف لگائیں گے۔اس کے علاوہ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ایران نے اگر دوبارہ جوہری پروگرام شروع کیا تو پھر حملہ کریں گے۔ واضح رہے کہ چہارشنبہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پر مزید 25 فیصد ٹیرف عائد کردیا جس کے بعد اب بھارت پر مجموعی امریکی ٹیرف 50 فیصد ہوگیا ہے۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارت سے درآمد کی جانے والی اشیا پر اضافی ڈیوٹی عائد کرنا مناسب اور ضروری ہے، بھارت روس سے بلاواسطہ اور بالواسطہ تیل درآمد کر رہا ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ بھارت اچھا تجارتی پارٹنر نہیں، بھارت روس سے تیل کی خریداری جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس طرح وہ یوکرین میں جنگی مشین کو ایندھن فراہم کررہا ہے۔خیال رہے کہ بدھ کو امریکی صدر ٹرمپ کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف کی ماسکو میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات ہوئی۔کریملن کے مطابق صدر پیوٹن کی امریکی نمائندے وٹکوف سے ملاقات مفید اور تعمیری رہی۔