ہندوستان پر فضائی حدود بند کرنے کی محمود قریشی کی تردید

   

اسلام آباد۔29ا گست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کو بند کرنے کا اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کیوں کہ ایسا کرنے سے قبل مشاورت کے ذریعہ اس اقدام کے ہر پہلو کا بغور جائزہ لینا ضروری ہوگا۔ انگریزی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق قریشی نے ان تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ ہندوستان کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند کردی گئی ہے۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھاریٹی (NADRA) کے دورہ کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں یہ موضوع بھی زیر بحث آیا تھا لیکن اس معاملہ میں کسی بھی قطعی فیصلہ کا اختیار صرف وزیراعظم عمران خان کو ہے۔ یاد رہے کہ قریشی کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وزیر سائنس و ٹکنالوجی فواد چودھری نے ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ پاکستان ہندوستان کے لیے اپنی تمام فضائی حدود بند کرنے اور افغانستان و ہندوستان کے درمیان تجارت کے لیے پاکستان کے تمام زمینی راستے بند کرنے پر غور و خوص کررہا ہے۔