ہندوستان پٹرولیم پلانٹ میں آتشزدگی، 3 جھلس گئے

   

اناؤ۔ 12 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع اناؤ میں جمعرات کو ٹینک میں بلاسٹ ہونے سے ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹیڈ کے پلانٹ میں آگ لگ گئی ۔اس حادثے میں 3 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ۔حادثے کے بعد پلانٹ میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ریلوے روٹ سے قریب کے ٹینک میں بلاسٹ ہونے کی وجہ سے کانپور۔لکھنؤ روٹ پر کئی گھنٹوں تک ٹرینوں کی آمدورفت متأثر رہی۔انسپکٹر جنرل آف پولیس(نظم ونسق) پروین کمار نے جمعرات کو لکھنؤ میں بتایا کہ بلاسٹ کے بعد لگی آگ پر قابو حاصل کرلیا گیا ہے اور حالات معمول پر آ رہے ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس کوتوالی علاقے میں واقع پلانٹ کے ایک ٹینک میں لیکیج کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا ۔آگ لگتے ہی دمکل کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔پولیس کے مطابق قریب کے گاؤں او رعلاقوں کو خالی کرا لیا گیا تھا۔جبکہ نظم و نسق پر قابو رکھنے کے لئے بڑی تعداد میں پولیس اہلکار کو تعینات کیا گیا تھا۔وہیں ریلوے نے کانپور۔لکھنؤ روٹ پر کچھ دیر کے لئے ٹرینوں کی آمدو رفت روک دی تھی۔وی وی آئی پی ٹرین شتابدی ایکسرپس کچھ دیر کے لئے کانپور میں کھڑی رہی جبکہ لکھنؤ آنے والی متعدد دیگر ٹرینوں کو بھی مختلف اسٹیشنوں پر کھڑا کردیا گیا تھا۔