ہندوستان پٹرولیم کمپنی میں کئی جائیدادوں پر تقررات

   

درخواستوں کی وصولی کا آغاز ، تعلیم یافتہ نوجوانوں کو حصول روزگار کا زرین موقع
حیدرآباد۔23۔اگسٹ(سیاست نیوز) ہندستان پٹرولیم کمپنی میں کئی جائیدادوں پر تقررات کی راہ ہموار کرتے ہوئے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ نوجوان اپنے کیرئیر کے آغاز کے لئے درخواست داخل کرسکتے ہیں۔کمپنی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پروفیشنلس‘ انجنیئرس ‘سٹی گیاس ڈسٹریبیوشن‘ نان فیول‘ الکٹرک وہیکل ‘ ایل این جی ‘ بائیو فیول پلانٹ آپریشنس‘ فائر اینڈ سیفٹی آفیسرس‘ کوالیٹی کنٹرول آفیسرس ‘ چارٹرڈ اکاؤنٹینٹ‘ ویلفیر آفیسرس ‘ لاء آفیسرس‘ لاء آفیسرس ایچ آر‘ آئی ایس آفیسرس ‘ میڈیکل آفیسرس‘ جنرل منیجر ‘ آفس آف کمپنی سیکریٹری کے علاوہ دیگر عہدوں پر تقررات کے لئے درخواستیں 18 اگسٹ سے وصول کرنے کا عمل شروع کیا جاچکا ہے ۔ کمپنی انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق تمام درخواستیں آن لائن وصول کی جائیں گی اور ان درخواستوں کی تنقیح کے بعد انٹرویو کا عمل ہوگا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 30 ستمبر کو ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ پروفیشنلس کے عہدہ کے لئے درخواستوں کی آخری تاریخ ہوگی اور اس تاریخ میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔جبکہ دیگر تمام عہدوں کے لئے 18 ستمبر سے قبل درخواستیں کمپنی کو آن لائن موصول ہوجانی چاہئے ۔کمپنی کے ذرائع کے مطابق ہندستان پٹرولیم میں تقررات کے سلسلہ میں جاری کردہ اعلامیہ کے بعد تقررات کے عمل میں مکمل شفافیت اور امیدواروں کی صلاحیت اور ان کے لئے درکار قابلیت کی بنیاد پرہی انہیں ملازمتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاتی ہے ۔کمپنی کے سابق ملازمین نے نوجوانوں کو جو انجنیئرنگ مکمل کرچکے ہیں یا مذکورہ کسی بھی عہدہ کے لئے خود کو اہل اور قابل تصور کرتے ہیںتو انہیں فوری طور پر اس اعلامیہ سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کیلئے درخواست داخل کرنی چاہئے ۔درخواست داخل کرنے کے خواہشمند نوجوان اس اعلامیہ کی مزید تفصیلات کمپنی کی ویب سائٹ پر ملاحظہ کرسکتے ہیں اور اسی ویب سائٹ پر درخواستوں کے ادخال کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔