ہندوستان چھوڑدو تحریک کے مجاہدین آزادی کو کانگریس کا خراج

   

گاندھی بھون میں تقریب، اتم کمار ریڈی نے پرچم کشائی انجام دی
حیدرآباد۔9 اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ہندوستان چھوڑدو تحریک کی یادگار کے موقع پر گاندھی بھون میں پرچم کشائی انجام دی۔ اس تقریب میں رکن کونسل جیون ریڈی، سابق ایم پی انجن کمار یادو، ملو روی، پونم پربھاکر، ومشی چندر ریڈی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے ملک کی آزادی کے لیے مجاہدین آزادی کے خدمات کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے ہندوستان چھوڑدو تحریک کے یادگار دن پر تلنگانہ عوام کو مبارکباد پیش کی۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ گاندھی اور نہرو کی قربانیوں کو بی جے پی کم تر دکھانے کی کوشش کررہی ہے۔ پنڈت جواہر لال نہرو نے ملک کے لیے جو قربانی دی اور ملک کو متحد رکھنے کے لیے ان کی مساعی سے ہر کوئی واقف ہے۔ بی جے پی تاریخ کو توڑ مروڑ کر سیاسی مقصد براری کے لیے عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوک سبھا میں ملک کے وزیرداخلہ کا پنڈت جواہر لال نہرو پر تنقید کرنا افسوسناک ہے۔ ملک کے وزیر داخلہ کو کم از کم اس طرح کے بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔ دفعہ 370 کو پنڈت نہرو کی تاریخی غلطی قراردینا شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی چھوٹی ریاستوں کو ضم کرنے کے لیے بعض رعایتوں کا اعلان کرنا پڑا۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ 20 اگست کو راجیو گاندھی کی 75 ویں جینتی تقاریب گائوں گائوں بڑے پیمانے پر منعقد کریں۔