ہندوستان کا آج آسٹریلیا سے پہلا ونڈے ، دلچسپ مقابلہ متوقع

   

ممبئی ۔ 13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کا پہلا مقابلہ کل یہاں کھیلا جائے گا اور اس مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کیلئے کے ایل راہول کے مظاہروں میں استقلال اور شکھردھون کے تجربہ میں کسی ایک کا انتخاب کرنا مشکل فیصلہ ہوگا۔ ونڈے کرکٹ جس کی دلچسپی میں حالیہ دنوں میں کمی موضوع بحث رہی ہے وہ دنیا کی دو بہترین ٹیموں کے درمیان کل شروع ہونے والی سیریز سے ایک نئی دلچسپی پیدا کرسکتی ہے کیونکہ دونوں ہی ٹیموں میں متعدد ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو نہ صرف شائقین کے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سرفہرست ہے بلکہ کرکٹ کو دلچسپ مقابلہ میں تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ ہندوستان کیلئے روہت شرما ٹیم کو تیز رفتار شروعات فراہم کرسکتے ہیں تو آسٹریلیا کیلئے ڈیویڈ وارنر کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ کپتان ویراٹ کوہلی ہندوستانی ٹیم کے کلیدی کھلاڑی تصور کئے جاتے ہیں تو اسٹیواسمتھ بھی جب تک وکٹ پر موجود رہیں مہمان ٹیم کو کامیابی کی امید رہتی ہے۔ بولنگ شعبہ میں جہاں ہندوستان کو جسپریت بمرا، محمد سمیع اور نودیپ سائنی کی خدمات حاصل ہیں وہیں آسٹریلیا کے پاس مچل اسٹارک، پیاڈ کمنس اور کین رچرڈسن موجود ہیں جو اپنی خطرناک بولنگ سے بیٹسمینوں کو پریشان کرسکتے ہیں۔ الیکس کیری وکٹ کیپنگ کے علاوہ تیز رفتار بیٹنگ کیلئے مشہور ہیں جو ہندوستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت کو سخت مقابلہ دے سکتے ہیں۔ دھون اور راہول کے درمیان اننگز کے آغاز کیلئے پھر ایک مرتبہ سبقت رہے گی۔ راہول کے مظاہروں میں استقلال ہے تو دوسری جانب دھون کا تجربہ ٹیم کیلئے فائدہ مند ہوسکتا ہے۔ دھون، راہول اور روہت کے درمیان اوپنرس کا انتخاب کے علاوہ شری یاس ایئر کی ٹیم میں شمولیت بھی اہم فیصلہ ہوگی۔