دبئی،9 ستمبر (پی ٹی آئی) ۔ آل راؤنڈرزکی آزمودہ حکمتِ عملی جو ٹیم کو متوازن بناتی ہے، ایک بار پھر ہندوستان کا سہارا ہوگی۔ تاہم ٹیم انتظامیہ اب تک یہ فیصلہ نہیں کر پائی ہے کہ ابتدائی میچ میں میزبان متحدہ عرب امارات کے خلاف تیسرے اسپنرکے ساتھ میدان میں اترا جائے یا ایک خاص فاسٹ بولرکو موقع دیا جائے۔ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے ہی مختلف فارمیٹس میں ہمہ جہت کھلاڑیوں پر زور دیا ہے، خاص طور پر ان کھلاڑیوں پر جو بیٹنگ لائن اپ میں گہرائی پیدا کرتے ہیں تاکہ ٹیم نمبر8 تک رنز بنا سکے۔متحدہ عرب امارات کے خلاف یہ میچ پاکستان کے ساتھ 14 ستمبرکو ہونے والے بڑے مقابلے سے قبل ایک ریہرسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ نسبتاً کمزور سمجھی جانے والی ٹیم کے خلاف یہ مقابلہ ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ کو اس کمبی نیشن کے بارے میں اشارہ دے گا جسے پورے ٹورنمنٹ میں تسلسل کے ساتھ آزمایا جا سکتا ہے۔