ممبئی ،6 فروری (ایجنسیز) دفاعی چمپئن ہندوستان آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے افتتاحی دن اپنے خطاب کے دفاع کی مہم امریکہ کے خلاف کرے گا ۔ممبئی کا وانکھیڈے میدان ویسے تو ہندوستان کیلئے کئی تاریخی فتوحات کے لئے ایک یادگار میدان ہے جہاں ونڈے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف فائنل میں اس وقت کے ہندوستانی کپتان مہندرسنگھ دھونی کا چھکا آج بھی کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہے ۔ دوسری جانب سابق کپتان روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے جو کارنامہ انجام دیا تھا اب سوریا کمار یادو کے لئے اس کامیابی کو برقرار رکھنا اہم کام ہوگا۔ کل یہاں شام 7 بجے کھیلے جانے والے مقابلے میں ہندوستان جیسی خطاب کی مضبوط دعویدار ٹیم کو زیادہ مسائل کا سامنا نہیں ہوگا لیکن ٹی20 مقابلے میں حالات کبھی بھی کروٹ بدل سکتے ہیں ،اس حقیقت سے کپتان سوریا کمار یادو اور ان کے ساتھیوں کے علاوہ کوچ گوتم گمبھیر بھی بخوبی واقف ہوں گے ۔ہندوستان کے علاوہ کل ایک اور مقابلہ پاکستان اور نیدرلینڈ کے درمیان سری لنکائی سرزمین پر کھیلا جائے گا جوکہ پاکستان کے لئے اس لئے اہمیت کا حامل ہوگا کیونکہ اس نے ہندوستان کے خلاف ہونے والے مقابلے کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جس سے اس کے دو قیمتی نشانات ختم ہوگئے ہیں، جس کے بعد پاکستان کو اس مقابلے میں ایک بڑی کامیابی کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ رن ریٹ کو بھی برقرار رکھ سکے ۔ہندوستانی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو نے ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل جمعہ کو کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو ہندوستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں ورون چکرورتی اور کلدیپ یادو کو ایک ساتھ میدان میں اتارنے سے ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔ انہوں نے دونوں اسپنرز کے انتخاب سے متعلق صورتحال کو ایک ‘‘انتہائی خوشگوار دردِ سر’’ قرار دیا۔ کلدیپ یادو اور ورون چکرورتی دونوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان کی آخری سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں حصہ لیا تھا، تاہم دونوں کو ایک ساتھ صرف دوسرے ٹی 20 میچ میں، جو رائے پور میں کھیلا گیا، میدان میں اتارا گیاتھا۔ یادو نے یہاں امریکہ کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ ایک اضافی فائدہ ہے کہ آپ کے پاس اتنے معیاری بولر دستیاب ہیں، لیکن اسی کے ساتھ آپ کو ٹیم کے کمبینیشن پر بھی غور کرنا ہوتا ہے کہ کسی خاص حریف کے خلاف کن کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جائے۔امید کی جارہی کہ ہندوستان ایک سے زیادہ اسپنرس کو ایک ساتھ میدان میں اتارے گا۔