پیرس ۔ہندوستانی ہاکی ٹیم پیرس اولمپکس میں زبردست ہاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ سیمی فائنل میچ 6 اگست کو کھیلا جائے گا جہاں ہندوستان کا مقابلہ جرمنی سے ہوگا۔ تاہم اس بڑے میچ سے پہلے یہ خبر ہندوستانی ٹیم کے لیے اچھی نہیں ہے۔ اس کے ساتھ وہی ہوا جس کا خدشہ تھا۔ سیمی فائنل میں اسے اپنے سب سے تجربہ کار ڈیفنڈر امیت روہیداس کے بغیر کھیلنا ہوگا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان کے اسٹار ڈیفنڈر پر ایک میچ کی پابندی لگائی گئی ہے۔ ہندوستانی دفاعی کھلاڑی امیت روہیداس کو برطانیہ کے خلاف کوارٹر فائنل میچ میں ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ دراصل میچ کے دوران ان کی ہاکی اسٹک برطانیہ کے ایک کھلاڑی کے چہرے پر لگی جس کی وجہ سے انہیں ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا ۔ ریڈ کارڈ ملنے کے بعد امیت روہیداس اس پورے میچ سے باہر رہے۔ اب وہ سیمی فائنل میچ میں بھی نہیں کھیلے گا۔ ایف آئی ایچ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ امت روہیداس کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ایک میچ کی پابندی لگا دی گئی ہے۔ وہ میچ نمبر 35 یعنی ہندوستان اور جرمنی کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل میں نہیں کھیلیں گے۔ ان کے علاوہ ہندوستان کو باقی 15 کھلاڑیوں میں سے سیمی فائنل کے لیے اپنی ٹیم بنانا ہوگی۔ یادرہے کہ امیت روہیداس کو ریڈ کارڈ ملنے کا واقعہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان کھیل کے دوسرے کوارٹر میں پیش آیا۔ شاٹ کھیلتے ہوئے اس کی اسٹیک برطانیہ کے اسٹارکھلاڑی ول کالانن کے چہرے پر لگی۔ تاہم آن فیلڈ ریفری کو کچھ بھی سنجیدہ نہیں ملا۔ وہ اسے نظر اندازکرنا چاہتا تھا لیکن برطانوی کھلاڑیوں نے دوبارہ ویڈیو ریفرل لیا، جس کے بعد امیت روہیداس کو ریڈ کارڈ ملا۔ ہندوستان نے کوارٹر فائنل میچ میں برطانیہ کے خلاف پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل دونوں کے درمیان میچ چاروں کوارٹرز میں 1-1 گول پر ختم ہوا تھا ۔