دوبئی : کپتان سنیل چھتری ٹیم میں موجود نہیں ہے لیکن اس کے باوجود ہندوستانی فٹبال ٹیم کل یہاں کورونا بحران کے بعد ایک سال کے عرصہ میں پہلا بین الاقوامی مقابلہ کھیلے گی اور اسے عمان کے خلاف دلیرانہ کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ چھتری جوکہ دو بین الاقوامی دوستانہ مقابلوں کے لئے ٹیم میں موجود نہیں ہے جبکہ ہفتہ کو ہندوستان کا مقابلہ متحدہ عرب امارات سے ہوگا کیونکہ چھتری کورونا سے صحتیاب ہورہے ہیں ، اس کے باوجود ہندوستانی ٹیم کی اوسط عمر 24 برس ہے اور یہ ٹیم نومبر 2019 ء کے بعد پہلا بین الاقوامی مقابلہ کھیل رہی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے کوچ آئیگور اسٹیماک نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لئے یہ سنہری موقع ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر آزادانہ اور بے خوف فٹبال صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ عمان کے خلاف کھیلے جانے والے اس مقابلے کے ضمن میں انھوں نے مزید کہا ہے کہ نوجوان ہندوستانی ٹیم کو بے خوف ہوکر میدان میں اُترنا ہوگا ۔ کوچ کے بموجب ٹیم میں کھلاڑیوں کی تبدیلی کا مرحلہ چل رہاہے اور ہم اس مرحلہ کو بے خوف کھیل کے ساتھ لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں ۔ عمان نے گزشتہ مقابلے میں اُردون کے خلاف بغیر گول کا مقابلہ کھیلا تھا ۔ کل کھیلے جانے والے مقابلے میں تاریخ عمان کے حق میں جیسا کہ اُس نے گزشتہ ایک دہے کے دوران ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے چھ مقابلوں میں پانچ فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ ایک مقابلہ ڈرا رہا ۔ ہندوستانی ٹیم 2022 ء ورلڈ کپ میں رسائی کی دوڑ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے لیکن 2023ء ایشیاء کپ میں اس کی رسائی کے ہنوز امکانات باقی ہیں ۔ موجودہ کھلاڑیوں میں سب سے گول بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے مقام پر موجود چھتری کی عدم موجودگی ہندوستان کے لئے ایک بڑا نقصان ضرور ہے ۔