سڈنی۔ ہندوستانی ٹیم 17 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں گلابی گیند سے ہونے والے ڈے ،نائیٹ کے پہلے ٹسٹ کی تیاری کے لئے آسٹریلیا اے کے خلاف جمعہ سے یہاں ڈے ۔نائٹ کے تین روزہ پریکٹس میچ میں اترے گی۔ یہ پریکٹس میچ گلابی گیند سے کھیلا جائے گا۔ ہندوستان کو پہلی مرتبہ آسٹریلیا کی سرزمین پرڈے نائیٹ ٹسٹ میچ کھیلنا ہے ۔ ہندوستان نے گزشتہ سال کولکتہ کے ایڈن گارڈن میدان میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا ڈے ۔نائٹ ٹسٹ کھیلا تھا اور اس میچ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ آسٹریلیا کا گلابی گیند سے شاندار ریکارڈ رہا ہے اور ہندوستان کو اس پریکٹس میچ سے پہلے ٹسٹ کے لئے اپنی تیاری مضبوط کرنی ہے ۔ ہندوستان نے آسٹریلیائی دورے میں پہلے تین میچوں کی ونڈے سیریز کھیلی جس میں اسے 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہندوستان نے اس کے بعد واپسی کرتے ہوئے تین میچوں کی ٹی سیریز 2-1 سے جیت کر حساب برابر کرلیا۔ جب ہندوستان ٹی20 سیریز کھیل رہا تھا تب ہندوستان اے ٹیم کا آسٹریلیا اے کے ساتھ تین روزہ پریکٹس میچ چل رہا تھا جو ڈرا رہا تھا۔ ہندوستانی ٹیم اپنے پہلے دوسرے پریکٹس میچ میں ان کھلاڑیوں کا امتحان لے گی جنہیں ایڈیلیڈ میں پہلے ٹسٹ میں کھیلنا ہے ۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ کپتان کوہلی اس پریکٹس میچ میں کھیلیں گے یا نہیں۔ نائب کپتان اجنکیا رہانے نے پہلے پریکٹس میچ میں ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی۔یاد رہے گذشتہ مقابلہ میں اجنکیا رہانے نے نہ صرف شاندار سنچری اسکور کی تھی بلکہ اپنی جارحانہ قیادت سے بھی متاثر کیا تھا۔ 17 ڈسمبر کو شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں شرکت کے بعد کوہلی وطن واپس لوٹ جائیں گے کیونکہ ان کی اداکارہ بیوی کے یہاں پہلی اولاد کی پیدائش کی توقع ہے۔