کنگس ٹاؤن ۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل کی صف بندی مکمل ہوگئی ہے ۔ اس آئی سی سی ٹورنامنٹ کے9 ویں ایڈیشن کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنانے والی چار ٹیمیں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ہندوستان اور افغانستان ہیں۔ ان چار ٹیموں میں سے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ نے گروپ 2 سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ جبکہ گروپ ون سے ہندوستان اور افغانستان سیمی فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ اب سوال یہ ہے کہ کون کس سے مقابلہ کرے گا؟ اس کا جواب جاننے کے لیے ضروری ہے کہ چاروں ٹیموں کی اپنے اپنے گروپ میں مقام معلوم کیا جائے۔ ہندوستانی ٹیم گروپ ون میں پہلے مقام پر ہے جبکہ افغانستان دوسرے نمبر پر ہے۔ اگرچہ انگلینڈ نے گروپ 2 سے سیمی فائنل میں پہلے رسائی حاصل کی لیکن وہ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے یعنی جنوبی افریقہ نے اس گروپ میں پہلا مقام حاصل کرتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے دو سیمی فائنلز ہوں گے۔ ہندوستانی وقت کے مطابق یہ دونوں سیمی فائنل ایک ہی دن یعنی 27 جون کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل ٹرینیڈاڈ میں ہوگا جس میں گروپ ون کی دوسری رینک والی ٹیم یعنی افغانستان کا مقابلہ گروپ 2 کی پہلی رینک والی ٹیم جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق یہ میچ صبح چھ بجے کھیلا جائے گا۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا دوسرا سیمی فائنل 27 جون کو رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں گروپ ون کی نمبر ایک ٹیم یعنی ہندوستان کا مقابلہ انگلینڈ کی ٹیم سے ہوگا جوگروپ 2 میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ یہ میچ گیانا میں ہوگا۔ یعنی دونوں سیمی فائنلز کے نتائج ایک ہی دن آ جائیں گے اور پتہ چل جائے گا کہ فائنل کون کھیلے گا؟ ٹی20 ورلڈکپ کے 9 ایڈیشنز میں یہ5 واں موقع ہوگا، جب ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل کھیلے گی۔ وہ 2007 میں ایک بارچمپئن اور 2014 میں ایک بار رنر اپ رہی۔ افغانستان کی ٹیم کا یہ پہلا سیمی فائنل ہوگا۔ دو بار کی چمپئن انگلینڈ مسلسل چوتھی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سیمی فائنل کھیلنے جا رہی ہے۔ جنوبی افریقہ کی بات کریں تو 2014 کے بعد سیمی فائنل کھیلنے کا یہ پہلا موقع ہوگا۔ یہ ان کا تیسرا ٹی20 ورلڈ کپ سیمی فائنل ہوگا۔ پہلی بار انہوں نے 2009 میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔