کورونا وبا کے باعث سرکاری مصارف میں اضافہ بنیادی سبب
نئی دہلی : کورونا وبا کے دوران مختلف فلاحی کاموں پر حکومت کے بڑے پیمانے پراخراجات کے درمیان ہندوستان کا بیرونی قرضہ مارچ 2021 میں اختتام پذیر مالی سال میں 2.1 فیصد بڑھ کر 570 ارب ڈالر پر پہنچ گیا ہے ۔وزارت خزانہ کے اقتصادی امور کے شعبہ کی جانب سے بیرونی قرضوں سے متعلق چہارشنبہ کو جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مارچ 2020 میں یہ قرضہ 558.4 ارب ڈالر تھا۔ ہندوستان کی مجموعی دیسی پیداوار (جی ڈی پی) کے تناسب پر یہ بیرونی قرض مارچ 2020 میں 20.6 فیصد تھا، جو رواں برس مارچ میں بڑھ کر 21.1 فیصد ہوگیا۔ ملک پر جملہ غیر ملکی قرضے میں تجارتی قرضہ ، قلیل مدتی کاروباری قرضہ اور ملٹی لیول لون کی حصہ داری 92 فیصد ہے ۔ مارچ 2020کے مقابلے میں مارچ 2021 میں تجارتی قرضہ اور قلیل مدتی کاروباری قرضہ میں کمی واقع ہوئی جبکہ ملٹی لیول لون میں اضافہ درج کیا گیا ہے ۔ ملک کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے تناسب میں غیر ملکی قرضہ مارچ 2021 میں101.2 فیصد رہا جو کہ مارچ 2020 کے مقابلے میں 15.6 فیصد زیادہ ہے ۔ مالی سال 2020-21 کے دوران کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے مختلف ذرائع سے حاصل غیر ملکی فنڈز میں اضافے کی وجہ سے حکومتی قرضہ مارچ 2020 کے مقابلے میں 6.2 فیصد اضافے کے ساتھ 107.2 ارب ڈالر پر پہنچ گیا ۔ اس دوران غیر حکومتی قرضہ 1.2 فیصد بڑھ کر 462.8 ارب ڈالر ہو گیا۔