ہندوستان کا جوابی حملہ باعث فخر ، تمام ممالک دہشت گردی کیخلاف متحد ہوجائیں: کے سی آر

   

ہندوستانی فوج کو سلیوٹ : کے ٹی آر ۔ ملک میں دہشت گردی کیلئے کوئی جگہ نہیں : ہریش راؤ

حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے پہلگام دہشت گرد حملے کا ہندوستانی فوج کی جانب سے پاکستان کو جواب دینے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ بحیثیت ہندوستانی اس کارروائی پر وہ فخر محسوس کررہے ہیں۔ کے سی آر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی واقعہ کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ دہشت گردی کا خاتمہ ہی ملک کی سلامتی ہے۔ اس مسئلہ پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دنیا کی تمام طاقتوں کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہوجانا چاہئے۔ ہندوستان نے اب تک امن کے ذریعہ پاکستان کو صحیح راستے پر لانے کی کوشش کی تھی، لیکن پاکستان کی دہشت گردی امن کیلئے سنگین خطرہ بنی ہوئی ہے۔ ہندوستانی فوج نے پاکستان کے دہشت گردی کے ٹھکانوں پر کل رات حملہ کرتے ہوئے پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد ملک کے ناراض لوگوں کو مطمئن کیا۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے تارک راما راؤ نے پہلگام دہشت گرد حملے کا ہندوستانی فوج کی جانب سے جواب دینے کا خیرمقدم کیا ہے۔ کے ٹی آر نے پاکستان مقبوضہ کشمیر (پی او کے) میں دہشت گردی کے ٹھکانوں پر جوابی کارروائی کرنے والے ہندوستانی فوجیوں کو سلیوٹ کیا ہے۔ اس کارروائی پر ساری ہندوستانی، فوج کی حوصلہ افزائی کریں۔ بی آر ایس پارٹی اس فوجی کارروائی کی مکمل تائید و حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے آخر میں ’’جئے ہند‘‘ کہا۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ہندوستان میں دہشت گردی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہمارے ملک کی سلامتی و امن پر پاکستان کی جانب سے دہشت گردی ناقابل قبول ہے۔ اس موقع پر تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست سے بالاتر ہوکر فوجیوں کی تائید و حمایت کرنی چاہئے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ہندوستان کی فوج کو دیکھ کر بڑا فخر محسوس ہورہا ہے۔ 2