ہندوستان کا سڈنی میں مستحکم موقف،آسٹریلیا میں تاریخی کامیابی کے امکانات

   

سڈنی ۔4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ٹسٹ ماہر چتیشور پجارا193 اور نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت (ناٹ آؤٹ 159 رن) کی شاندار سنچری سے ہندستانی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹسٹ کے دوسرے دن جمعہ کو سات وکٹ پر 622 رنز بنا کر اپنی اننگز ختم کرنے کا اعلان کر دیا جس سے میچ میں اس کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے ۔ہندستان نے پہلی اننگز میں167.2 اوور میں سات وکٹ پر622 رنز بنائے جس کے بعد کپتان ویراٹ کوہلی نے اننگزختم کرنے کا اعلان کرنے کا اشارہ دے دیا۔ اس کے بعد دن کے کھیل کے اختتام سے کچھ پہلے آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا اور10 اوور میں بغیر کوئي وکٹ گنوائے24 رنز بنا لئے اور وہ اب ہندستان کے اسکور سے 598 رنز پیچھے ہے اور اس کے اوپنرس مارکس ہیرس19 اور عثمان خواجہ پانچ رن پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ہندستانی اننگز میں کل کے ناٹ آؤٹ پجارا اپنی ڈبل سنچری کو پورا کرنے سے چوک گئے اور193 رن پر آؤٹ ہوئے جبکہ ساتویں نمبر پر اترے پنت 159 رن بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے ۔ رویندر جڈیجہ نے بھی81 رنز بنائے ۔ پنت اسی کے ساتھ آسٹریلیائی زمین پر سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی وکٹ کیپر بن گئے ، انہوں نے دورہ انگلینڈ میں بھی سنچری بنائی تھی۔ آسٹریلیا کے لیے آف اسپنر ناتھن لیون چار وکٹ لے کر سب سے کامیاب رہے جبکہ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کو105 رنز پر دو اور میچل اسٹارک کو 123 رنز دے کر ایک وکٹ ملی۔سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر سال 1978 کے بعد پہلی بار ٹسٹ میچ جیتنے اور اسی کے ساتھ آسٹریلیائی زمین پر 70 برسوں میں پہلی بار ٹسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کرنے کے مقصد کے ساتھ کھیل رہی ہندستانی ٹیم نے بیٹسمینوں کی کمزور کارکردگی کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے رنز کا پہاڑ بنا دیا۔ہندستان نے صبح اننگز کا آغاز کل کے چار وکٹ پر 303 رنز سے آگے بڑھاتے ہوئے کیا، اس وقت پجارا 130 اور ہنوما وہاری39 رنز بنا کر کریز پر تھے ۔ پجارا کو لیون نے انہیں اپنی گیند پر کیچ کر پویلین بھیجا۔ صبح پجارا اور ہنوما نے اننگز کو بخوبی آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ کے لئے101 رن کی سنچری شراکت کی۔ پجارا نے سب سے زیادہ 373 گیندوں کا سامنا کیا اور 22 چوکے لگا کر193 رن بنائے ۔ انہوں نے کل کے اپنے اسکور میں 63 رنز کا اور اضافہ کیا۔ ان کے ساتھ کل کے ناٹ آؤٹ ہنوما بھی نصف سنچری مکمل نہیں کر سکے اور گزشتہ اسکور میں 26 رنز ہی جوڑ پائے تھے کہ لیون نے انہیں لابچاگے کے ہاتھوں کیچ کراکر دن کا پہلا اور ہندستان کا پانچواں وکٹ آسٹریلیا کو دلایا۔ ہنوما نے96 گیندوں میں پانچ چوکے لگا کر42 رنز بنائے ۔ہنوما کے آؤٹ ہونے کے بعد نوجوان وکٹ کیپر پنت کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور چھٹے وکٹ کے لئے 89 رنز جوڑکر ہندستان کو 418 کے اسکورتک پہنچایا۔ پجارا نے ہندوستانی اننگز میں پانچ بیٹسمینوں کے ساتھ شراکت داری ادا کی جن میں مینک اگروال (77) اور ہنوما کے ساتھ انہوں نے سنچری جبکہ کپتان وراٹ اور پنت کے ساتھ نصف سنچری شراکت کیں۔پجارا کے آؤٹ ہونے کے بعد پنت نے قابو میں دکھ رہی ہندستانی اننگز میں طوفانی انداز میں رن بنائے اور 189 گیندوں میں 15 چوکے اور ایک چھکا لگا کر ناٹ آؤٹ 159 رنز بنائے جو ان کے ٹسٹ کیریئر کا بہترین ا سکور بھی ہے ۔ پنت نے آل راؤنڈر جڈیجہ کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لیے 204 رنز کی ڈبل سنچری شراکت کی جو اننگز کی سب سے بڑی شراکت بھی ہے ۔جڈیجہ نے 114 گیندوں میں سات چوکے اور ایک چھکا لگا کر 81 رن بنائے جو ان کے ٹسٹ کیریئر کی 10 ویں نصف سنچری بھی ہے ۔ جڈیجہ کو ساتویں اور ہندوستانی اننگز کے آخری بیٹسمینکے طور پر لیون نے بولڈ کیا۔