ہندوستان کا سیمی فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ

   

سڈنی ۔ 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا میں رواں ٹی 20 ورلڈ کپ میں سیمی فائنل کی صف بندی مکمل ہوچکی ہے اور اب اس طرح ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں انگلینڈ کا سامنا کرے گی جوکہ 2018ء کے مقابلہ کا اعادہ ہوگا۔ آج یہاں وومنس ورلڈ کپ کے جو مقابلے کھیلے جانے تھے وہ بارش سے متاثر ہوئے جس میں پاکستان کا تھائی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا ویسٹ انڈیز سے مقابلہ ہونا تھا۔ جو مقابلے بارش سے متاثر ہوئے اس میں پاکستان اور تھائی لینڈ کا مقابلہ غیراہم تھا کیونکہ دونوں ہی ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی تھیں جبکہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ اہمیت کا حامل تھا جس سے ٹیموں کی درجہ بندی اور نشانات کا فیصلہ ہوا۔ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلہ کے دو نشانات تقسیم ہوگئے جس کے بعد انگلینڈ کو گروپ میں تیسرا مقام حاصل ہوا جس کی وجہ سے وہ سرفہرست ہندوستانی ٹیم سے سیمی فائنل کی حریف ثابت ہوئی اور یہ 2018ء کے ورلڈ کا اعادہ ہوگا۔ ہندوستان جمعرات کو انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گا اور اس مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کی یہ کوشش رہے گی کہ وہ 2018ء کی شکست کا حساب برابر کرے۔ 2018ء میں انگلینڈ نے سیمی فائنل میں ہندوستان کو شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جہاں اسے آسٹریلیا سے شکست ہوئی تھی اور اب دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔