ہندوستان کا شہری ڈھانچہ منہدم ہو رہا ہے :راہول گاندھی

   

لکھنؤ 20 جنوری(یواین آئی) اترپردیش کے نوئیڈا سیکٹر 150 میں سافٹ ویئر انجینئر یووراج مہتہ کی موت کے معاملے پر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت پر شدید حملہ کیا۔ راہول گاندھی نے منگل کی صبح ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس واقعے کوہندوستان کے شہری ڈھانچے کے زوال کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اصل مسئلہ پیسے ، ٹیکنالوجی یا حل کی کمی نہیں بلکہ جواب دہی کے فقدان کا ہے ۔اپنے پوسٹ میں انہوں نے یووراج مہتا کی تصویر بھی شیئر کی۔ قابل ذکر ہے کہ یووراج مہتا گروگرام کی ایک آئی ٹی کمپنی میں کام کرتے تھے اور نوئیڈا میں مقیم تھے ۔ گزشتہ جمعہ کی رات وہ اپنے گھر واپس آ رہے تھے ۔ شدید کہرے کے باعث حد نگاہ انتہائی کم تھی۔ سیکٹر 150 میں ٹاٹا یوریکا پارک کے نزدیکگھر سے ایک کلو میٹر سے بھی کم فاصلے پر، ان کی کار ایک تیز موڑ پر بے قابو ہو گئی اور تقریباً بیس فٹ گہرے پانی سے بھرے گڑھے میں جا گری۔ اس حادثے میں یووراج مہتا کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔