ہندوستان کا ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان سے پہلا مقابلہ

   

نئی دہلی: آئی سی سی نے اس سال ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ کورونا وائرس کے سبب ہندوستان میں ہونے والے اس ٹورنمنٹ کا انعقاد اب عمان اور دبئی میں کیا جارہا ہے۔ ٹی20 ورلڈکپ کا آغاز 17 اکتوبر کو ہوگا۔ خطابی مقابلہ 14 نومبر کوکھیلا جائے گا۔ ہندوستان 24 اکتوبر کو اپنی مہم کا آغازکرے گا۔ اس کا پہلا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔ سوپر 12 کے مقابلے 23 اکتوبر سے شروع ہوں گے۔ اس سے پہلے 17 اکتوبر سے پہلے راونڈ کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔پہلا سیمی فائنل ابو ظہبی میں 10 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل11 نومبرکو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنل کیلئے محفوظ دن بھی ہے ۔ خطابی مقابلہ 14 نومبر اتوارکو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ 15 نومبر پیرکو محفوظ دن رکھا گیا ہے۔ ہندوستان شارجہ میں ایک بھی مقابلہ نہیں کھیلے گا۔ ہندوستان کے سبھی مقابلے ہندوستانی وقت کے مطابق شام 730 بجے کھیلے جائیں گے ۔ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔ پہلے راونڈ میں 8 ٹیمیں سوپر 12 میں جگہ بنانے کے لئے کھیلے گی۔ آئر لینڈ، نیدر لینڈ، سری لنکا اور نامیبیا کوگروپ اے میں رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں عمان، پی این جی، اسکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیم ہیں۔ ہر گروپ کی ٹاپ2 ٹیم ہی دوسرے راونڈ میں داخلہ حاصل کرے گی۔سوپر 12 کا پہلا مقابلہ 23 اکتوبر کو دبئی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اسی دن دوسرا مقابلہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جبکہ سوپر 12 میں گروپ 2 میں پہلا مقابلہ دبئی کے میدان پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا، جس کا طویل عرصے سے ہر کرکٹ مداح کو انتظار تھا۔ اس دن صرف ایک ہی میچ کھیلا جائے گا۔ سوپر 12 کے گروپ1 میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ کے علاوہ پہلے راونڈ میں گروپ اے کی فاتح اورگروپ بی کی رنر اپ ٹیم ہوگی۔ وہیں گروپ 2 میں ہندوستان اور پاکستان، نیوزی لینڈ، افغانستان کے ساتھ پہلے راونڈ کی گروپ بی کی فاتح ٹیم اورگروپ اے کی رنر اپ ٹیم ہوگی۔