ہندوستان کا پاپوا نیو گنی کو 12 ہیمو ڈائیلاسیس مشینوں کا عطیہ

   

نئی دہلی: ہندوستان نے بحرالکاہل کے جزائر میں واقع پاپوا نیو گنی کو پورٹیبل آر او یونٹوں کے ساتھ 12 ہیمو ڈائیلاسیس مشینیں فراہم کی ہیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہیکہ ہندوستان بحرالکاہل جزیرے کے کنبے کے ساتھ کھڑا ہے۔ تیسری ایف آئی پی آئی سی چوٹی کانفرنس میں کئے گئے ہندوستان کے عہد کو پورا کرتے ہوئے پورٹیبل آر او یونٹوں کے ساتھ 12 ہیمو ڈائیلاسیس مشینوں کی پہلی کھیپ گجرات کے پیپاوا بندرگاہ سے پاپوا نیو گنی کے دارالحکومت پورٹ مورسبی کیلئے روانہ ہوئی۔ جیسوال نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے یہ امداد پاپوا نیو گنی کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے میں مدد کرے گی۔