ہندوستان کا کوارٹر فائنل سٹ کیلئے اسپین سے مقابلہ

   

ٹیراسا(اسپین) ہندوستانی ویمنس ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ خواتین ہاکی ورلڈ کپ کے پول بی میں تیسرے نمبر پر رہنے کے بعدکوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے اتوار کو اسپین سے مقابلہ کرے گی۔ گول کیپر سویتا کی کپتانی میں، ہندوستان نے راونڈ رابن لیگ میں انگلینڈ (1-1) اور چین (1-1) کے ساتھ ڈرا کھیلا، حالانکہ نیوزی لینڈ کے خلاف اسے 3-4 سے شکست کا سامنا کرناپڑا۔ اب ہندوستان کو کوارٹر فائنل میں پہنچنے کے لیے اسپین کے ٹریسا میں ہونے والے کراس اوور میچ میں میزبان اسپین پرجیت درج کرنی ہوگی۔ اپنی اب تک کی ورلڈ کپ مہم کے بارے میں سویتا نے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ پول میچ بہت مشکل ہونے والے ہیں۔ ہم نے ڈٹ کرمقابلہ کیا اور ہار نہیں مانی، لیکن نتائج ہمارے حق میں نہیں آئے ۔ ہم ان نتائج کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آگے آنے والے میچ پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ ہم ابھی بھی مقابلے میں ہیں اور کوارٹر فائنل تک پہنچنے کے لیے اپنا سب کچھ دیں گے ۔ دریں اثنا نائب کپتان دیپ گریس ایکا نے کہا کہ ٹیم کو اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم اپنے آخری تین میچوں میں اوربہتر کھیل سکتے تھے ۔ ہم نے پول مرحلے میں کئی مواقع بنائے ، خاص طور پر آخری میچ میں، لیکن ہم انہیں گول میں تبدیل نہیں کر سکے ۔
ہمیں اپنی تبدیلی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے “۔ آخر میں ہربات مواقع کو گول میں تبدیل کرنے پر آجاتی ہے ۔” اسپین پول اسٹیج میں دوجیت اورایک ہارکے بعد ہندوستان کا مقابلہ کرے گا۔ انہوں نے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کناڈا کے خلاف 4-1 کی جیت کے ساتھ کیاتھا، لیکن وہ ارجنٹینا کے خلاف دوسرا میچ 1-4 سے ہار گئے تھے ۔ میزبان ٹیم نے تیسرے میچ میں واپسی کرتے ہوئے کوریا کو 4-1 سے ہرا کر پول سی میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس سے قبل، جب ہندوستان اور اسپین ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2021/22 میں سامنے آئے تھے تو مقابلہ برابری کارہاتھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دو میچ کھیلے گئے جس میں بھارت نے پہلا میچ 2-1 سے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ اسپین نے 4-3 سے اپنے نام کیاتھا۔ ہندوستانی کپتان نے اسپین کے خلاف ہونے والے میچ کے بارے میں کہا، ‘‘اسپین ایک اچھی ٹیم ہے اور وہ گھر پر کھیل رہی ہے اس لیے یہ ایک چیلنجنگ میچ ہوگا۔ ہم ان کا سامنا پرو لیگ میں بھی کرچکے ہیں، اس لیے ہم ان کے کھیلنے کے انداز سے واقف ہیں۔ کل ہماری توجہ خود پر ہو گی اور ہم اپنے منصوبوں کو کیسے عملی جامہ پہناتے ہیں۔ ہمیں ان کے خلاف اپنا ‘اے -گیم’ کھیلناہوگا۔” ایکا نے کہا کہ ٹیم زیادہ دباؤ لیے بغیر میچ کھیلنے اترے گی اور ان کی توجہ اچھی ہاکی کھیلنے پر ہوگی۔ انہوں نے کہا، ‘‘ہمارے پاس کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے اور وہاں سے رفتار بڑھانے کا بہترین موقع ہے ۔ ہم بہت زیادہ دباؤ لیے بغیرکھیلنے اتریں گے ۔ ہمیں صرف اپنی طاقت کے مطابق کھیلنے کی ضرورت ہے اور صرف اچھی ہاکی کھیلنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس سے ہمیں مطلوبہ نتیجہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔”