نئی دہلی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو کہا کہ ہندوستان اپنا مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ وارم اپ میچ بنگلہ دیش کے خلاف یکم جون کو امریکہ میں کھیلے گا۔ روہت شرما کی قیادت میں ہندوستان، 2007 میں مردوں کے ٹی20 ورلڈ کپ کے افتتاحی فاتح تھا اور اس کا مقصد ویسٹ انڈیز اورامریکہ کی میزبانی میں ہونے والے ٹورنمنٹ کے آئندہ ایڈیشن میں خطاب حاصل کرنا ہے۔ مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ فکسچرجیسا کہ آئی سی سی نے جاری کیا ہے، 27 مئی سے یکم جون تک امریکہ اور ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں مقرر ہیں۔ 16 وارم اپ میچوں کی میزبانی کرنے والے مقامات ٹیکساس میں گرینڈ پریری کرکٹ اسٹیڈیم، فلوریڈا میں بروورڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم، کوئینز پارک اوول اور ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی ہیں۔ آئی سی سی نے بتایا کہ جملہ17 ٹیمیں وارم اپ گیمزکھیلیں گی، جن میں جنوبی افریقہ بھی شامل ہے، جو فلوریڈا میں 29 جون کو انٹرا اسکواڈ کھیل رہی ہیں۔ وارم اپ فکسچر فی ٹیم 20 اوورز کے ہوں گے اور ان کو بین الاقوامی ٹی20 کا درجہ حاصل نہیں ہوگا، جس سے ٹیمیں اپنے 15 کھلاڑیوں کے اسکواڈ کے تمام ارکان کو میدان میں اتار سکیں گی۔ ٹیمیں ایونٹ کے لیے ان کے پہنچنے کے وقت کے لحاظ سے، دو وارم اپ میچ کھیلنے کا انتخاب کر سکتی ہیں۔ آئی سی سی نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان کوئینز پارک اوول، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں 30 مئی کو ہونے والا وارم اپ میچ شائقین کے لیے کھلا رہے گا۔ ٹکٹ 16 مئی کے بعد سے آفیشل ٹکٹنگ ویب سائٹ یا نیشنل کرکٹ سینٹر اور کوئنز پارک اوول میں واقع باکس آفس پر خریدے جا سکتے ہیں۔ ورلڈ کپ یکم جون کو شریک میزبان امریکہ اور پڑوسی ملک کینیڈا کے درمیان مقابلے سے شروع ہوگا۔ٹی20 ورلڈکپ ویسٹ انڈیز کے چھ مقامات اور امریکہ کے تین اسٹیڈیمز میں منعقد ہوگا۔ کیریبین میں بارباڈوس میں کینسنگٹن اوول، ٹرینیڈاڈ میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی، گیانا کا پروویڈنس اسٹیڈیم، انٹیگوا کا سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم، سینٹ لوشیا کا ڈیرن سیمی کرکٹ گراؤنڈ اور آرنوس ویل اسٹیڈیم، سینٹ ونسنٹ میزبان ہوں گے۔ امریکہ میں نیویارک کے علاوہ فلوریڈا کے لاڈرہل میں بروورڈ کاؤنٹی اور ڈیلاس، ٹیکساس میں گرینڈ پریری اسٹیڈیم میزبان مقامات ہوں گے۔20 ٹیموں کو پہلے راؤنڈ کے لیے پانچ پانچ ٹیموں کے چارگروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ سے دو سرفہرست ٹیمیں سوپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جہاں ٹیموں کو چارکے دوگروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ پہلے راؤنڈ میں اپنے گروپس میں پہلا اور دوسری مقام حاصل کرنے والی ٹیمیں سوپر ایٹ میں اس مقام کو برقرار رکھیں گی، بشرطیکہ وہ کوالیفائی کریں۔ سوپر ایٹ کے دو گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے پیش قدمی کریں گی۔ سیمی فائنل بالترتیب 26 اور 27 جون کو گیانا اور ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو میں ہوں گے جبکہ فائنل 29 جون کو بارباڈوس میں ہوگا۔