جئے پور نمائش اور کنونشن سنٹر میں ’جیتو2023‘ تقریب سے گورنر کلراج مشرا کا خطاب
جے پور: راجستھان کے گورنر کلراج مشرا نے ہندوستان کو دنیا کی بڑی اقتصادی طاقت بنانے کے لئے سب کو مل کر کام کرنے پر زور دیا ہے ۔مشرا جمعہ کو سیتا پورہ میں جے پور نمائش اور کنونشن سینٹر میں جین انٹرنیشنل ٹریڈ آرگنائزیشن ‘جیتو-2023’ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسکل ڈویلپمنٹ کے ذریعے انٹرپرینیورشپ کو فروغ دیا جائے تو یہ بہت جلد ممکن ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے عالمگیریت میں کاروباری اداروں کو مقامی سطح پر بہترین مصنوعات تیار کرنے کے ساتھ ان کی مارکیٹنگ کی بھی موثر پالیسیوں پر کام کرنے کی ضرورت کا اظہار کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کوایسے اسٹارٹ اپ کے لئے حوصلہ افزائی کرنے پر بھی زوردیا جس سے وہ نہ صرف خود انحصار ہو سکیں بلکہ دوسروں کو بھی روزگار فراہم کر سکیں۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ کے خیال کے ساتھ صنعتوں اور کاروبار کی ترقی کے آئیڈیا پر کام کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ‘جیتو’ سے وابستہ صنعتکاروں کو عالمی سطح پر ایسی مصنوعات تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے جنہیں ان کی ضرورت کے مطابق دنیا کے تمام ممالک کو برآمد کیا جا سکے ۔ لیکن یہ بات بھی ذہن میں رکھنی چاہیے کہ جو کچھ ہمارے یہاں تیار کیا جائے یا جو خدمات ہمارے یہاں فراہم کی جائیں، ان میں معیار کے معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے ۔ وہ دوسرے ممالک کے مقابلے سستے ، پائیدار اور معاشرے کے ہر طبقے کے لیے موزوں ہونے چاہئیں۔ اس سے ہندوستان تجارتی شعبے میں تیزی سے ترقی کر سکے گا۔گورنر مشرا نے صنعتوں سے سبز ٹیکنالوجی اختیار کرنے ، ماحولیاتی توازن اور ماحولیاتی تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کام کرنے کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے خواتین کی انٹرپرینیورشپ کو فروغ دیتے ہوئے ان کو معاشی طورپر بااختیار بنانے ، درمیانی اور چھوٹی صنعتوں کو فروغ دینے ، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی بڑے پیمانے پر کام کرنے پر زور دیا۔اس موقع پر آسام کے گورنر گلاب چند کٹاریہ نے کہا کہ قوم کی تعمیر کے لیے یہ جین برادری کا ایک اختراعی اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جیتو کے ذریعہدنیا کے 28 ممالک میں کاروبار سے وابستہ تاجروں نے ملکی صنعتوں کی ترقی کے لیے پہل کی۔ انہوں نے جین برادری کی طرف سے انتظامیہ، صنعت اور دیگر مختلف شعبوں میں سود سے پاک قرض فراہم کرکے نوجوانوں کو آگے بڑھانے کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے جیتو کے 14 ہزار جین سادھوؤں کو شرمن آروگیم یوجنا سے جوڑنے ، خود انحصار ہندوستان کے ذریعے تحریک فراہم کرنے والے کاموں کو قابل تقلید قرار دیا۔جل شکتی کے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے جیتو کے ذریعہ ہندوستان کی اقتصادی خوشحالی کے نقطہ نظر سے کئے جانے والے کاموں کو اہم قرار دیا۔ راجیہ سبھا ایم پی لہر سنگھ سیروئیا نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔
