’جب تک دوائی نہیں،ڈھیلائی نہیں‘، لیکن اب’دوائی بھی کڑائی (چوکسی) بھی‘: مودی
راجکوٹ میں ایمس کی سنگ بنیاد تقریب سے وزیراعظم کا ورچول خطاب
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسیس میں مسلسل کمی ہورہی ہے، لیکن عوام کو ویکسین کے بعد کووڈ۔ 19 قواعد پر عمل آوری کو ترک نہیں کرنا چاہئے۔ راجکوٹ میں آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس کی سنگ بنیاد تقریب سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان کورونا وائرس کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی ویکسین مہم کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ کہتے آئے ہیں کہ ’جب تک دوائی نہیں، ڈھیلائی نہیں‘ لیکن اب نئے سال 2021ء میں ہمارا یہ نعرہ ہوگا کہ ’دوائی بھی، کڑائی (چوکسی) بھی‘ وزیراعظم نے عوام سے درخواست کی کہ وہ ویکسین سے متعلق افواہوں پر بھروسہ نہ کریں، بعض لوگ اس سے متعلق افواہیں پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ایک استفادہ کنندہ تک پہنچنے کی تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2020ء کورونا وائرس کی وباء کے باعث مایوسی اور خوف کا ماحول تھا۔ ہر طرف شک و شبہات دیکھے جارہے تھے لیکن نیا سال 2021ء اس کے علاج کے ضمن میں اُمید کی کرن لے کر آرہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں کورونا ویکسین کی تیاریاں پورے زور و شور سے جاری ہیں۔ حکومت کوشش کررہی ہے کہ ہر ایک اہل استفادہ کنندہ تک ’میڈ اِن انڈیا‘ ویکسین دستیاب رہے۔ مودی نے بتایا کہ دیگر ممالک کے مقابل کورونا وائرس کی وباء اور اس سے ہونے والی اموات کے ضمن میں ہندوستان بہتر موقف میں ہے۔ ہندوستان نے اس وباء پر قابو پانے کیلئے بروقت اور موثر اقدامات کئے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کورونا وائرس کی وباء کے دوران متاثرین کی خدمت کرنے پر ہیلتھ کیر اور فرنٹ لائن ورکرس کے علاوہ سائنس دانوں اور دیگر متعلقہ افراد کی ستائش کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت ملک میں طبی تعلیم کو بہتر بنانے کے لئے کام کررہی ہے۔ نیشنل میڈیکل کمیشن کے قیام کے بعد ہیلتھ ایجوکیشن کے معیار میں مزید اضافہ ہوگا۔ مودی نے بتایا کہ آیوشمان بھارت یوجنا کے باعث غریب افراد کی 30 ہزار کروڑ رقم کو بچایا جاسکا ہے۔ ’جن اوشدھی کیندرس بھی بیماری کے دوران غریبوں کے لئے کافی مددگار ثابت ہوئے ہیں۔ ملک بھر میں 7 ہزار سے زائد ایسے کیندرس قائم ہیں جہاں سے غریب افراد کو 90% سستی ادویات فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یومیہ بنیاد پر 3.5 لاکھ غریب مریض ان مراکز سے استفادہ کررہے ہیں۔