ہندوستان کومیلبورن میں 17 سال بعد پہلی شکست

   

میلبورن،31 اکتوبر (آئی اے این ایس) میزبان ٹیم کے کپتان مچل مارش کی جارحانہ 46 رنزکی اننگزکی بدولت آسٹریلیا نے جمعہ کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ہندوستان کو دوسرے ٹی 20 میچ میں چار وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔میلبورن میں ہندوستان کی یہ 17 سال بعد سے زیادہ کے عرصے میں پہلی شکست ہے۔ ٹریوس ہیڈ کے 28 رنز نے ٹیم کو برق رفتار شروعات فراہم کی جبکہ مارش کی اننگز نے آسٹریلیا کو 40 گیندیں باقی رہتے ہدف تک پہنچا دیا۔ دونوں کی شراکت داری نے یہ یقینی بنایا کہ میزبان ٹیم 126رنزکے ہدف کے تعاقب میں کبھی مشکل میں نظر نہ آئے، حالانکہ آخر میں چند وکٹیں گرنے سے کچھ ڈرامہ ضرور پیدا ہوا۔ جوش ہیزل ووْڈ گیند کے ساتھ نمایاں کارکردگی دکھانے والے بولر رہے۔ ان کے تباہ کن ابتدائی اسپیل نے ہندوستان کے ٹاپ آرڈرکو تہس نہس کردیا۔ انہوں نے صرف 13 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور آسٹریلیا کی کامیابی کی بنیاد رکھی۔ دیگر بولروں نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ہندوستان کو 18.4 اوورز میں 125 رنز پر ڈھیر کر دیا، اگرچہ ابھیشیک شرما نے 68 رنزکے ساتھ سب سے زیادہ اسکور کیا۔ آسٹریلیا کی جوابی اننگز میں ابتدا ہی میں جسپریت بمراہ کے ایک غیر معمولی مہنگے اوور نے میچ کا رخ موڑ دیا، جس میں انہوں نے تیسرے اوور میں 18 رنز دیے۔ اس سے دباؤکم ہوا اور میزبان ٹیم کو رفتار ملی۔ ہرشت رانا کے نوبال اور دو چھکوں کے باعث چوتھے اوور میں مزید 20 رنز بنے، جس سے ہندوستان کی مشکلات بڑھ گئیں۔ کپتان سوریاکمار یادو نے جلد ہی اپنے اسپن بولروں کو آزمانے کا فیصلہ کیا، اور ورون چکرورتی نے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی ۔ انہوں نے تیزی سے کھیلنے والے ہیڈ کو آؤٹ کیا، جس کا سہرا تلک ورما کے شاندارکیچ کو جاتا ہے۔ ورما نے باونڈری کے قریب گیند کو ہوا میں اچھال کر باہر جاکر دوبارہ اندر آکر کیچ مکمل کیا۔ مارش نے آسٹریلیا کی اننگز کو مضبوطی سے آگے بڑھایا، کلدیپ اور چکرورتی کی نپی تلی گیندوں کو لیگ سائیڈ کی جانب طاقتور شاٹس سے باؤنڈری کے پار بھیجا۔ ہندوستان نے بالآخر آٹھویں اوور میں مارش کو46 رنز پر آؤٹ کیا، جب کلدیپ کی گیند پر وہ لانگ آف پرکیچ دے بیٹھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی اوورکلدیپ کے ٹی 20 کیریئر کا سب سے مہنگا اوور ثابت ہوا، جس میں 20 رنز بنے۔ چکرورتی نے ایک بار پھرکامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹِم ڈیویڈکو ٹسٹ مقابلے کی فیلڈینگ سجاتے ہوئے آؤٹ کیا۔کلدیپ نے جوش انگلس کو تیز ترگیند پر ایل بی ڈبلیو کیا، جبکہ مچل اووَن بمراہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اور بمراہ نے میتھیو شارٹ کو صفر پر بولڈ کردیا لیکن وہ تیسری گیند پر ہیٹ ٹرک لینے میں ناکام رہے ۔ ۔