نوی ممبئی، 22 اکتوبر (آئی اے این ایس) آئی سی سی ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 میں ہندوستانی ٹیم کے لیے سیمی فائنل تک پہنچنے کا موقع اب صرف ایک جیت کی دوری پر ہے۔ جمعرات کو ڈی وائی پٹیل اسٹیڈیم، نوی ممبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والا میچ ٹیم کی قسمت کا فیصلہ کرے گا اور بارش اس میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔گزشتہ چھ ماہ سے یہی بات ہورہی تھی کہ گھریلو میدانوں پرکھیلا جارہا یہ ورلڈ کپ ہندوستانی ویمن ٹیم کے لیے فائنل ہارنے کے سلسلے کو توڑنے کا بہترین موقع ہے۔ مگر تین لگاتار شکستوں (جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف) نے ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔اب ہندوستان کے پاس سیمی فائنل تک پہنچنے کا صاف موقع ہے۔ نیوزی لینڈ کو شکست دینے سے ٹیم کے چھ پوائنٹس ہوجائیں گے، اور اگر وہ اتوار کو بنگلہ دیش کے خلاف آخری لیگ میچ بھی جیت لیتی ہے تو آٹھ پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لے گی۔اگر نیوزی لینڈ سے ہار ہوتی ہے، تو بھی امید باقی رہے گی بشرطیکہ ہندوستان آخری میچ میں بنگلہ دیش کو ہرائے اور انگلینڈ، نیوزی لینڈکو شکست دے۔ بیٹنگ کے شعبے میں سمرتی مندھانا اور پرتیکا راول پر بڑی اننگز کھیلنے کی ذمہ داری ہوگی، جبکہ دیپتی شرما اور سنہا رانا بولنگ میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ دیپتی اب تک پانچ میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔ تاہم، ٹیم میں ایک مستحکم کارکردگی کی کمی محسوس کی جارہی ہے کیونکہ کئی مواقع پر بولرز بڑی برتری ضائع کر بیٹھے۔انگلینڈ کے خلاف 19 اکتوبرکو ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان محض چار رنز سے ہارا، حالانکہ سمرتی مندھانا اور ہرمن پریت کورنے ٹیم میں کامیابی کے قریب لادیا تھا۔
