پرتھ، 8 مارچ (آئی اے این ایس) آسٹریلیا کی خواتین ٹیم نے یکطرفہ مقابلے میں ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر واحد ٹسٹ میچ جیت لیا اور اس کے ساتھ ہی ملٹی فارمیٹ سیریز بھی 12۔4 سے اپنے نام کر لی۔ اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا نے اپنی کپتان الیسا ہیلی کے بین الاقوامی کیریئر کا اختتام بھی یادگار بنا دیا۔ اتوار کو واکا گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا نے25 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے صرف 4.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔ جارجیا وول16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ فوبی لچ فیلڈ نے ناقابل شکست 11 رنز بنائے۔ ہندوستان نے اس دورے کا آغاز مثبت انداز میں کیا تھا اور ٹی20 سیریز 2۔1 سے جیت لی تھی، تاہم میزبان آسٹریلیا نے زبردست واپسی کرتے ہوئے ونڈے سیریز میں کلین سوئپ کیا اور پھر واحد ٹسٹ جیت کر مجموعی سیریز بھی اپنے نام کر لی۔ اس طرح ہندوستان اپنے آسٹریلیا کے دورے میں صرف دو فتوحات حاصل کر سکا۔ میچ کے تیسرے دن ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز 105 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔ پرتیکا راول اور سنیہ رانا نے اچھی بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور آگے بڑھایا۔ پرتیکا راول نے اپنے ٹسٹ ڈیبیو پر105گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔آسٹریلیا کو41 ویں اوور میں کامیابی ملی جب ایشلے گارڈنر نے سنیہ رانا کو 30 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ اگلے ہی اوور میں الانا کنگ نے کاشوی گوتم کو پویلین بھیج دیا۔ 134 رنز پر آٹھ وکٹیں گرنے کے باوجود پرتیکا راول نے جارحانہ انداز برقرار رکھا اور ٹیم کو150 کے قریب پہنچایا، تاہم جلد ہی سیالی اور پرتیکا راول کی وکٹیں گرنے سے ہندوستانی ٹیم 149 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پرتیکا راول نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے صرف 25 رنزکا ہدف ملا۔اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد ہندوستان نے پہلی اننگز میں 198 رنز بنائے تھے جس میں جمیما روڈریگزکی نصف سنچری اور شیفالی ورماکے 35 رنز شامل تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اینیبل سدرلینڈ نے چار جبکہ لوسی ہیملٹن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 323 رنز بنائے جس میں اینیبل سدرلینڈ کی شاندار 129 رنزکی اننگز فیصلہ کن ثابت ہوئی، جبکہ آل راؤنڈرایلیس پیری نے 76 رنز بنائے۔ اس طرح میزبان ٹیم نے 125 رنز کی برتری حاصل کی جو ہندوستانی ٹیم کے لیے بہت زیادہ ثابت ہوئی۔