میلبورن۔16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیا کے کوچ جسٹن لینگر نے کہا کہ 2022 میں ہندوستان دورے پر کھیلی جانی والی ٹسٹ سیریز کے لئے آسٹریلیا مضبوط اور قابل ٹیم تیارکر رہا ہے۔گزشتہ سال گیند سے چھیڑ چھاڑ تنازعہ کے بعد مئی میں ٹیم کے کوچ بنے لینگر نے کھیل کے سب سے طویل فارمیٹ میں گھریلو حالات میں ہندوستانی دبدبے کو قریب سے دیکھا ہے۔ اب لینگر کا خواب ایسی ٹیم تیار کرنے کا ہے جو عالمی درجہ بندی میں پہلے مقام پر قابض ہندوستان کو چیلنج دے سکے۔کوہلی کی ٹیم نے گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کو ٹسٹ سیریز میں شکست دے کر گھریلو سرزمین پر مسلسل 11 ویں سیریز اپنے نام کی۔ لینگر نے کہاکہ اس سے (ہندوستانی کارکردگی) پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان کو ہرانا کتنا مشکل ہے۔ آسٹریلیا ایشز کے طرز پر ہندوستانی ٹیم سے اپنے گھر پر ملی شکست کا بدلا لینا چاہتی ہے۔ ایشیز سیریز میں ایک شکست کے بعد دیرینہ مخالف آسٹریلیا اور انگلینڈ اگلی سیریز میں مخالف ٹیم کو زبردست طریقے سے شکست دینے کا منصوبہ کرنے کیلئے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں جیتنا ہمیشہ مشکل رہتا ہے،ہمیں امید ہے کہ ہم ایسا کر سکتے ہیں، اس کے لئے تیار ہونے کے لئے ہمارے پاس دوسال کا وقت ہے میں مضبوطی سے اس سیریز کے لئے تیار ہونا چاہتا ہوں۔ لینگر جب ٹیم کے کوچ بنے تھے تبھی انہوں نے کہا تھا کہ ان کا مقصد ہندوستان کو ہندوستان میں شکست دینا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم تین چار سال میں ایک مرتبہ ہندوستان کا دورہ (ٹسٹ سیریز کے لئے) کرتے ہیں۔ میرے لئے اتنا وقت کافی ہیاگر ہم ہندوستان کو ہندوستان میں شکست دینے میں کامیاب رہے تو میں اس ٹیم کو عظیم ٹیموں میں سے ایک مانوں گا۔لینگر کے کوچ بننے کے بعد آسٹریلیا کو ہندوستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
آرتھر کے سری لنکائی کوچ بننے کے امکانات
لاہور۔16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ اور ٹیم کو چمپئنز ٹرافی جتوانے والے مکی آرتھر ایک مرتبہ پھر پاکستان آ رہے ہیں۔ اس مرتبہ وہ سری لنکائی ٹیم کے مشیر کی حیثیت سے آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنے والے مکی آرتھر پاکستان آ رہے ہیں۔ سری لنکن ٹیم کوآئندہ ماہ ٹسٹ سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنا ہے، وہ مہمان ٹیم کی طرف مشیر کی حیثیت سے پاکستان کا دورہ کریں گے۔ کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق مکی آرتھر سری لنکائی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کے مضبوط امیدوارہیں۔