ہندوستان کو آج کرویا مرو صورتحال کا سامنا

   


ناگپور۔ ہندوستان اور آسٹریلیا دونوں نے رواں تین میچوں کی ٹی 20 سیریزکا آغاز آئندہ ورلڈ کپ کے لیے صحیح امتزاج تلاش کرنے کے ارادے سے کیا تھا لیکن موہالی میں پہلے میچ کے بعد ہندوستانی دوسرے ٹی 20 مقابلے کے لیے ناگپور پہنچ گئے جس میں مزید سر درد اور مسائل نظر آرہے ہیں اور خدشہ ہے کہ مقابلہ بارش سے متاثر ہوگا۔ افتتاحی میچ میں ہندوستانی ٹیم انتظامیہ ابتدائی اور مڈل آرڈر بیٹنگ اور فاسٹ بولنگکے بارے میں کچھ مزید معلومات چاہتی تھی کیونکہ سینئربولر جسپریت بمراہ ابھی تک کھیلنے کے لیے تیار نہیں ہیں جبکہ سینئر بولر محمد سمیع کو سیریز سے دستبردار ہونا پڑا تھا کیونکہ وہ سیریز کے آغاز سے پہلے کوویڈ سے متاثر ہوئے ہیں۔ سابق ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے ایشیا کپ سوپر فور میں افغانستان کے خلاف میچ میں اپنی 71ویں بین الاقوامی سنچری بنائی، لیکن پہلے میچ میں پھرناکام ہوئے جبکہ اوپنر کے ایل راہول ابھی ایک طویل چوٹ کے وقفے سے واپس آئے ہیں رویندرا جڈیجہ کی غیر موجودگی میں بھی آل راؤنڈر پر سوال اٹھتے نظر آرہے تھے۔آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹی20 میچ ان الجھنوں کا کچھ جواب فراہم کرنا تھا لیکن آخر میں ایسا نہیں ہوا کیونکہ ہندوستان نے یہ میچ چار وکٹوں سے ہار کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری گنوادی ۔ ہندوستانی بیٹرس خاص طور پر اوپنر راہول اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے شاندار اور سمجھداری سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو 20 اوورز میں 207/6 تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا ۔ جب کہ بیٹرس نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا بولنگ سوائے اکسر پٹیل (17/3) کے اتنی موثر نہیں تھی۔ ہرشل پٹیل اور بھونیشور کمار نے رن لوٹائے جب آسٹریلیا نے 20 گیندوں پر 60 رنز بنائے۔ کیمرون گرین کی طرف سے اور وکٹ کیپر میتھیو ویڈ کے ذریعے 21 گیندوں پر 45 رنز بنائے گئے ۔ ہندوستانی بولرس ڈیتھ اوورز میں مکمل طور پر ناکام رہے اور ٹیم نے میدان میں چارکیچز چھوڑے۔ نتیجہ یہ ہے کہ ٹیم کے تھنک ٹینک جس میں کپتان روہت شرما اور کوچ راہول ڈراویڈ کے ساتھ سینئر کھلاڑی شامل ہیں بولنگ کے شعبے کو درست کرنے کے بڑے مسئلے سے دوچار ہیں۔ یا تو انہیں بمراہ کو بولنگ اٹیک کو سخت کرنے کا موقع دینا ہوگا یا پھر بھونیشور کمار کی جگہ ایک اچھا ڈیتھ بولر تلاش کرنا ہوگا۔ بھونیشور نے حالیہ دنوں میں آخری اوورس میں بولنگ کرتے وقت بہت زیادہ رنز دیے ہیں اور ڈیتھ اوورز کے اچھے بولر کے طور پر اپنی ساکھ کھونے کے راستے پر ہے۔ ایشیا کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے خلاف یکے بعددیگرے میچوں میں مہنگے پڑنے کے بعد بھونیشور کمار نے افغانستان کے خلاف شاندار کارکردگی کے ساتھ اپنی مہم کا اختتام کیا تھا تاہم انہوں نے موہالی میں 19ویں اوور میں 16 اور 17ویں اوور میں 15 رنز دیے۔ ہرشل پٹیل چوٹ سے واپسی پر اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے، 18ویں اوور میں 22 رنز دے کر آسٹریلیا کا کام آسان کر دیا۔دریں اثنا، آرون فنچ کی قیادت میں آسٹریلیا کو موہالی میں جیت سے تقویت ملے گی اور امید ہے کہ وہ ناگپور میں اسی طرح جاری رکھے گی۔ انہوں نے جارحانہ انداز میں آغاز کیا اور کھیل کے تمام شعبوں میں ہندوستان سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی ۔ فنچ، جو ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد ریٹائر ہونے والے ہیں، نے اچھی فارم کی جھلک دکھائی جب اس نے 13 گیندوں پر 22 رنز بنائے، جبکہ کیمرون گرین نے بطور اوپنر اپنے پہلے مقابلے میں شاندار اننگز کھیلی۔اگرچہ مہمانوں کو مچل اسٹارک، مارکس اسٹوئنس اور مچل مارش کی خدمات حاصل نہیں تھیں، لیکن انہوں نے بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ڈیویڈ وارنرجنہیں اس سیریز کے لیے پہلے ہی آرام دیا گیا ہے ان کے غیاب میں گرین نے ہندوستان کیلئے حالات خراب کردئے۔میدان کے ارباب مجاز اس وقت کافی پریشان ہیں کیونکہ یہاں بارش اور آبر آلود موسم ہے ۔