واشنگٹن ۔ 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ٹرمپ انتظامیہ نے کانگریس کو اپنے اس عزم سے واقف کروایا ہیکہ وہ اینٹی شپ میزائل اور ہلکے تارپیدوز ہندوستان کو فروخت کرے گا جن کی مالیت 155 ملین امریکی ڈالر ہے۔ اس سے علاقائی خطرات سے نمٹنے میں ہندوستان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ امریکہ نے 2016ء میں ہندوستان کو اپنا بڑا دفاعی شراکت دار قرار دیا ہے۔ اس طرح ہندوستان کو امریکہ کے دوسرے قریبی ملکوں اور شراکت داروں کے ممالک امریکہ سے عصری اور حساس ٹیکنالوجی کی خریداری کی سہولت حاصل ہوگی۔ ڈیفنس سکریٹری آپریشن ایجنسی نے دو علحدہ اعلامیوں میں بتایا کہ ہارپون بلاک II میزائلس کی فروخت کا تخمینہ 92 ملین امریکی ڈالر ہے جبکہ لائیٹ ویٹ تارپیدوز اور دیگر تارپیدوز کی تخمینی لاگت 63 ملین امریکی ڈالر ہے۔ ان میزائل کے حصول سے ہندوستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور علاقائی خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔