ہندوستان کو بنگلہ دیش پر 241 رنز کی سبقت

   

ہند ۔ بنگلہ دیش سیریز کا آخری ٹسٹ ، کپتان ویراٹ کوہلی گلابی گیند سے سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی

کولکتہ۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹسٹ میچ کولکتہ کے تاریخی ایڈن گارڈن میدان میں کھیلا جارہا ہے۔ مقابلے کے دوسرے دن کا کھیل تادم تحریر جاری ہے۔ ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے پنک بال سے بھی ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ کپتان کوہلی اب گلابی گیند سے سنچری بنانے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے۔ فی الحال ہندوستان میں اپنی پہلی اننگز 9 وکٹس پر 347 کے اسکور پر ڈکلیر کردیا۔ اب ٹیم انڈیا کو 241 رنز کی سبقت حاصل ہے۔ ہندوستان نے میچ کے پہلے دن جمعہ کے روز بنگلہ دیش کو 106 رنز پر آل آؤٹ کردیا تھا۔ دوسرے دن بھی بنگلہ دیش کی شروعات کافی خراب رہی اور اس نے دوسرے دن چائے کے وقفے تک 7 رنز کے اندر 2 وکٹ کھو دیئے۔ بنگلہ دیش کے یہ دونوں وکٹس ایشانت شرما نے حاصل کئے۔ ہندوستان نے اس طرح سے گھریلو سرزمین پر لگاتار 12 ویں سیریز جیتنے کی طرف مضبوطی کے ساتھ قدم بڑھا دیئے ہیں۔ ایشانت نے شادماں اسلام کو آؤٹ کرکے پہلی کامیابی دلائی۔ اس وقت بنگلہ دیش کا کھاتہ بھی نہیں کھلا تھا۔ بعدازاں اس فاسٹ بولر نے کپتان مومن الحق کو بھی کھاتہ بھی کھولنے نہیں دیا اور صفر پر آؤٹ کردیا۔ اس سے پہلے نائب کپتان اجنکیا رہانے نے بھی 51 رنز کی اننگز کھیلی جو ان کا لگاتار چوتھا نصف سنچری ہے۔ وہ شادماں اسلام کی گیند پر پوائنٹ میں گیچ دے کر آؤٹ ہوگئے۔ وہیں ٹسٹ کرکٹ میں بطور کپتان 5,000 رنز پورا کرنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے۔ کوہلی نے اپنے کیریر کا 70 ویں بین الاقوامی سنچری بنائی۔ سنچری کی تکمیل کے بعد انہوں نے تیز رفتار انداز میں کھیلنے کی کوشش کی اور ابوزید کی گیند پر لگاتار 4 چوکے لگائے، تاہم تاجل نے باؤنڈری پر شاندار کیچ لے کر کوہلی کی اننگز کا خاتمہ کردیا جس میں 18 چوکے شامل ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں تین میچ ملاکر بطور کپتان سب سے زیادہ 41 سنچریز بنانے والے آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پاؤنٹنگ کے ریکارڈ کی برابر کرلی۔