ہندوستان کو تشویشناک ملک نامزد کرنے کی سفارش

   

واشنگٹن : ہندوستان نے جمعرات کو بین الاقوامی مذہبی آزادی کے امریکی کمیشن کی جانب سے اس ہفتہ دنیا بھر میں مذہبی آزادی سے متعلق جاری کی جانے والی رپورٹ کی مذمت کی ہے، جس میں امریکہ کے محکمہ خارجہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بھارت سمیت مزید پانچ ملکوں کو خاص تشویش والے ممالک کے طور پر نامزد کرے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایک نیوز کانفرنس میں اس رپورٹ کو ہندوستان کے خلاف پروپگنڈہ قرار دیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان جیسوال نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہمیں واقعی یہ توقع نہیں ہے کہ یو ایس سی آئی آر ایف، ہندوستان کے متنوع اور بڑے معاشرے اور اس کی جمہوری اقدار کو سمجھنے کی کوشش کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے انتخابی عمل میں مداخلت کی ان کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔ یو ایس سی آئی آر ایف کی جاری کردہ رپورٹ میں ہندوستان کے بارے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے، جس کی قیادت نریندر مودی کی حکمران جماعت بی جے پی کے پاس ہے، قوم پرستی پر مبنی پالیسیوں کو تقویت دی، نفرت انگیز بیان بازی کو جاری رکھا اور وہ فرقہ وارانہ تشدد کو روکنے میں ناکام رہی۔