ہندوستان کو تیونس کے خلاف 1-0 سے شکست

   

دبئی۔ ہندوستانی سینئر خواتین فٹ بال ٹیم یہاں دبئی کے متحدہ عرب امارات ایف اے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوستانہ میچ میں77 ویں درجہ کی حامل ٹیم تیونس سے1-0 سے ہارگئی۔تاہم دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ سخت رہا۔ میچ کے دوسرے ہی منٹ میں ہندوستانی خواتین ٹیم کے پاس گول کرنے کا پہلا موقع ملا۔ مڈفیلڈر منیشا نے ہم وطن دلما چھبرکا کراس پر کلک کرنے کی کوشش کی لیکن مخالف ٹیم کی گول کیپر مریم بین سسی نے اچھا بچاوکیا اورہندوستان کو برتری حاصل کرنے سے روکا۔ اس کے چھ منٹ بعد یعنی آٹھویں منٹ میں ہویز نے فری کک کے ذریعے گول کرکے تیونس کو 1-0 کی برتری دلا دی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے برتری برابرکرنے اور خود برتری حاصل کرکے میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ فارورڈ پیاری جاکسا نے دوسرے ہاف میںکارنر بھی حاصل کیا، حالانکہ کارنر سے پہلے بلڈ اپ کے دوران فالٹ کی وجہ سے گول کونامنظورکردیا گیا۔ اس کے بعد پورے میچ میں ہندوستانی ٹیم کوئی گول نہیں کرسکی اور میچ 1-0 کے اسکور پر ختم ہوا۔قابل ذکر ہے کہ 57 ویں نمبر کی ہندوستانی ٹیم نے اس سے قبل ہفتے کو یہاں کھیلے گئے دوستانہ مقابلے میں میزبان اماراتکو4-1 سے شکست دی تھی۔ میچ میں منیشا کلیان، پیاری جاکسا، سویٹی دیوی اور انجو تمانگ نے فی کس ایک گول کیا تھا، جو تیونس کے خلاف کوئی موثرکارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکیں۔ تیونس کے خلاف شکست ہندوستانی ٹیم کی اس سال کھیلے گئے سات میچوں میں چھٹی شکست ہے ۔اس سے قبل فروری میں ترکی کے اپنے دورے کے دوران ہندوستان یوکرین، سربیا اور روس کے خلاف ناکام رہی اور اپریل میں دوستانہ میچوں میں ازبکستان اور بیلاروس سے شکست ہوئی تھی۔ ہفتہ کو امارات کے خلاف جیت اس کی اس سال کی پہلی جیت تھی۔ ہندوستانی ٹیم اب بحرین کا سفر کرے گی، جہاں وہ بحرین اور چینی تائپے کے خلاف دو مزید دوستانہ میچ کھیلے گی، جو اے ایف سی ویمن ایشین کپ انڈیا 2022 کے لئے ہندوستانی ٹیم کی تیاری کاحصہ ہے ۔ ایشین کپ اگلے سال ممبئی اور پونے کے مختلف مقامات پرکھیلا جانا ہے ۔ہیڈ کوچ تھامس ڈینربی کی کوچنگ والی ہندوستانی ٹیم کا رواں سال کے آخر میں سویڈن جانے کابھی امکان ہے ، جہاں وہ سویڈن کی اعلیٰ سطحی خاتون فٹ بال مقابلہ دمالسوینسکین لیگ میں کچھ ٹیموں کے مدمقابل ہوگی۔