ہندوستان کو جنوبی افریقہ نے آخری گیند پر ہرایا

   

ویمنس ورلڈ کپ میں کپتان متالی راج ہاف سنچری کے باوجود کریئر کے اختتامی میچ میں ناکام

کرائسٹ چرچ: ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم اتوار کو آخری گیند تک کھینچے مقابلے میں تین وکٹ سے ہارکر آئی سی سی ویمنس ورلڈ کپ کی سیمی فائنل دوڑ سے باہر ہوگئی۔ ہندوستان نے 50 اووروں میں 274/7 بنائے جبکہ جنوبی افریقہ نے 50 اوورز میں 275/7 اسکور کرتے ہوئے سنسنی خیز فتح درج کراتے ہوئے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ منون ڈوپری کو 52 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ ہندوستان چھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔ 2022 ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ آسٹریلیا بمقابلہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ طے ہوئی ہے۔ قبل ازیں ہندوستان نے ٹاس جیتنے کے بعد سمرتی مندھانا، متالی راج اور شیفالی ورما کی نصف سنچریوں کی مدد سے سات وکٹ پر 274 رنز بنائے۔ اوپنرز شیفالی اور سمرتی کی شاندار بلے بازی اور ہم آہنگی کے باعث ہندوستان نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 91 رنز بنائے۔ تاہم اس کے بعد دونوں بلے بازوں کی شراکت ختم گئی اور تال میل کی کمی کے باعث شیفالی 53 رنز پر رن آؤٹ ہوگئی۔ ان کی جگہ میدان پر آنے والی یستیکا بھاٹیہ چولا ٹریان کی گیند پر صرف دو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔ اس کے بعد کپتان متالی راج اور سمرتی کی جوڑی نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو آگے بڑھایا اور تیسری وکٹ کیلئے دونوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت ہوئی اور اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے 200 رنز کا ہندسہ چھو لیا۔ مسابتا کلاس کی ایک گیند کو سمرتی سمجھ نہیں پائیں اور مڈ آف میں کیچ دے بیٹھی۔ ہندوستان کیلئے ’’کرو یا مرو‘‘ کے اس میچ میں متالی نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 68 رنز کی اننگز کھیلی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے ورلڈ کپ کے میچ میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔ افریقی بالر کلاس نے ہندوستانی کپتان کی انتہائی اہم وکٹ حاصل کی۔کلاس کی گیند پر شاٹ مارنے کی کوشش میں متالی مڈ آف میں ٹریان کو کیچ تھمابیٹھی۔ اس کے بعد ہرمن پریت کور نے 48 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے اسکور کو بہتر مقام پر پہنچا دیا۔