ہندوستان کو دنیا کی تیسری بڑی معیشت بنانے کا عزم

   

پٹن چیرو کے قریب ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد ، وزیراعظم نریندر مودی کا خطاب

سنگاریڈی ۔5 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیر آعظم نریندر مودی نے ضلع سنگاریڈی کے پٹن چیرو کے قریب پٹیل گوڑہ میں 7 ہزار دو سو کروڑ روپئے مالیتی ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کرتے ہوئے قوم کے نام معنون کیا۔ بعد ازاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے اور گذشتہ دس سال میں لاکھوں کروڑ روپئے کے ترقیاتی پراجیکٹس منظور کئے۔ تلنگانہ میں انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے کے اقدانات کئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ مودی کی ہر گیارنٹی کی تکمیل ہوتی ہے۔ جموں کشمیر سے آرٹیکل 370 کی برخواستگی اور رام مندر کی تعمیر کا وعدہ پورا کیا گیا۔ عنقریب ہندوستان کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانے کا وعدہ بھی پورا کیا جائیگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اس بار 400 پار کا نشانہ ہے جس کے لیے پارٹی قائدین و کارکنان نے سنجیدہ محنت کریں۔ موروثی سیاست اور خاندانی حکمرانی جمہوریت کے لیے مضر ہے اس کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کانگریس اور بی آر ایس دونوں کو ایک ہی سکہ کے دو رخ قرار دیتے ہوے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے تلنگانہ پر دس سال حکمرانی کی اور ریاست کو بری طرح لوٹا ہے۔ بی آر ایس کے لیے کالیشورم پراجیکٹ اے ٹی ایم کی مانند تھا۔ بی آر ایس نے کالیشورم پراجیکٹ میں خوب لوٹ کھسوٹ کی اب جبکہ کالیشورم میں بدعنوانیوں کا پتہ چل چکا ہے پھر بھی کانگریس حکومت بی آر ایس پر کاروائی سے گریز کر رہی ہے جس کا صاف مطلب ہے کہ کانگریس اور بی آر ایس میں خفیہ ساز باز ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 1298 کروڑ روپئے کی لاگت سے مدینہ گوڑہ تا سنگاریڈی 6 لائن روڈ کی تعمیر ، میدک تا یلا ریڈی 399 کروڑ روپئے کے صرفہ سے 2 لائن روڈ کی تعمیر اور 500 کروڑ روپئے سے ردرور تک دو لائن روڈ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ 3 ہزار 338 کروڑ روپئے سے پارادیپ تا حیدرآباد ( ملکاپور) گیاس پائپ لائن، 400 کروڑ کے سیول ایوئشن ریسرچ سنٹر (CARO)، کندی تا رمسان پلی چار لائن (ناندیڑ) روڈ جو 1409 کروڑ روپئے سے تعمیر کی گئی ہے ، 1165 کروڑ سے ایم ایم ٹی ایس ٹرین سرویس فیس 2 کا اور گھٹکیسر تا لنگم پلی ایم ایم ٹی ایس ٹرین سرویس کا افتتاح کیا۔ ترقیاتی کاموں کے سنگ بنیاد اور افتتاح میں تمل سائی سوندریہ راجن گورنر تلنگانہ ، جی کشن ریڈی مرکزی وزیر، کونڈہ سریکھا اور کومٹ وینکٹ ریڈی ریاستی وزرا اور ڈاکٹر لکشمن بی جے پی ایم پی راجیہ سبھا اور دیگر موحود تھے۔