ہرارے : شبھ من گل کی کپتانی میں نئے لڑکوں پر مشتمل ٹیم انڈیا کو آج زمبابوے میں پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں 13 رنز سے شکست ہوگئی۔ ہونہار بیاٹر گل کی قیادت میں ہندوستان 116 کا ٹارگٹ حاصل نہیں کرسکا اور 20 ویں اوور کی آخری گیند پر مہمان ٹیم 102 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستان کیلئے گل نے اوپنر کی حیثیت سے 31 رنز بنائے۔ اسپنر واشنگٹن سندر 27 رنز بناکر آخری گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ اویس خان نے 16 رنز بنائے۔ بقیہ آٹھ ہندوستانی بیاٹرز دو ہندسی اسکور تک نہیں کرپائے۔ میزبان کپتان سکندر رضا کو میچ ایوارڈ دیا گیا جنھوں نے 3/25 کی فیصلہ کن بولنگ کی اور 17 رنز بھی بنائے۔ زمبابوے نے ٹاس ہارنے کے بعد مقررہ اوورس میں 115/9 اسکور کئے تھے۔ روی بشنوئی (چار وکٹ) اور واشنگٹن سندر (دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی مدد سے ہندوستان نے زمبابوے کو 115/9 کے اسکور پر روک دیا۔ آج ہرارے اسپورٹس کلب میں ہندوستانی کپتان شبھ من گل نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ سکندر زیرقیادت زمبابوے کی شروعات اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں مکیش کمار نے انوسینٹ کائیا (0) کو بولڈ کرکے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد ویزلی مدھویرے اور برائن بینیٹ نے دوسری وکٹ کیلئے 34رنز جوڑے ۔ چھٹے اوور میں روی بشنوئی نے بینیٹ (22)کو بولڈ کرکے زمبابوے کو دوسرا جھٹکا دیا۔ بشنوئی نے ویزلی (21)کو بھی بولڈ کر کے آٹھویں اوور میں پویلین بھیج دیا۔ کپتان سکندر 17اور ڈیون مائر 23رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔ کلائیو مڈانڈے نے 25 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ زمبابوے کے پانچ بیاٹرز اپنا کھاتہ نہ کھول سکے ۔ مکیش کمار اور اویس خان نے ایک، ایک وکٹ لی۔