میلبورن، 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی اوپنر اسمرتی مندھانا کی66 رنز کی برق رفتار اننگز کے باوجود ہندوستان کو میزبان آسٹریلیا کے کے خلاف سہ رخی خواتین ٹی20 سیریز کے خطابی مقابلے میں 11 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا نے 20 اوورس میں چھ وکٹ پر 155 رن بنانے کے بعد ہندوستانی ٹیم کو20 اوور میں144 رن پر آؤٹ کرکے خطاب اپنے نام کر لیا۔ مندھانا کو چھوڑ کر کوئی دوسری خاتون وکٹ پر نہیں ٹک سکی۔ مندھانا نے37 گیندوں میں12 چوکے پر مشتمل66 رنز بنائے۔ وہ 15 ویں اوور میں چوتھی وکٹ کی حیثیت سے 115 کے اسکور پر آؤٹ ہوئیں لیکن اس کے بعد دیگر کھلاڑی حریف اسپنر جیس جوناسن کے سامنے بے بس رہی۔ جوناسن نے چار اوور میں صرف12 رن پر پانچ وکٹ لے کر ہندوستان کے مرکزی اور نچلے آرڈر کو منہدم کر دیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے 15 سال کی نوجوان اوپنر شیفالي ورما کو جلد ہی گنوا دیا۔ شیفالي نے نوگیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی بدولت 10 رنز بنائے ۔ ان کا وکٹ 11 کے اسکور پر گرا۔ ٹایلا ولے منک نے شیفالي کا وکٹ لیا۔ مندھانا اور رِچا گھوش نے دوسری وکٹ کے لیے 43 رنز جوڑے لیکن رچا ٹیم کے54 اور اس کے بعد جیمما راڈگس 65 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئیں۔ رِفچا نے 23 گیندوں میں دو چوکوں کے سہارے 17 رن اور جیمما نے دو رنز بنائے ۔ انابیل صدرلینڈ نے جیمما کا اور ولے منک نے جیمما کا وکٹ لیا۔ مندھانا اور کپتان ھرمنپریت کور نے چوتھے وکٹ کے لیے 50 رن جوڑ کر ہندوستان کے لیے جیت کی امیدیں جگائی تھیں لیکن تین رن کے وقفہ میں مندھانا اور ھرمنپریت کے وکٹ گرنے سے ہندوستان کی امیدیں ختم ہو گئیں۔
مندھانا کو میگن شٹ نے آؤٹ کیا جبکہ جوناسن نے ھرمنپریت کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ ھرمنپریت نے 16 گیندوں پر 14 رن میں دو چوکے لگائے ۔
جوناسن نے ھرمنپریت کو آؤٹ کرنے کے دو گیند بعد ہی اروندھتی ریڈی کو بھی آؤٹ کر دیا۔ہندوستان کا اسکور ایک جھٹکے میں چھ وکٹ پر 118 رن ہو گیا۔ جوناسن نے پھر رادھا یادو (2)، تانیہ بھاٹیہ (11) اور دیپتی شرما (10) کے وکٹ لے کر ہندوستانی اننگز سمیٹ دی۔ شکھا پانڈے (4) کو ایلس پیری نے آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوناسن کے پانچ وکٹ کے علاوہ ولے منک نے 32 رن پر دو وکٹ، پیری نے 19 رن پر ایک وکٹ، شٹ نے 28 رن پر ایک وکٹ اور صدرلینڈ نے 21 رن پر ایک وکٹ لیا۔