لاہور۔22 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کو میچ ہرانے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں میچ فیس کا 100فیصد بونس دیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بوڑ نے ٹیسٹ میچز میں کھلاڑیوں کی دلچسپی کو بڑھانے کیلئے معاوضے میں اضافہ کر دیاہے جبکہ ٹاپ تھری ٹیموں اور ہندوستان کو ہرانے پر پلیئنگ الیون میں شامل ہر پلیئرکو ٹیسٹ میچ فیس کا 100فیصد، ون ڈے کا 75فیصد اورٹی ٹوئنٹی کا 50فیصد بطور بونس دیا جائے گا۔پی سی بی نے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ کی فیس میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے جبکہ وہاب ریاض نے غیرمعینہ مدت کیلئے ریڈ بال کرکٹ سے علیحدگی اختیار کر لی ہے اور اب کھلاڑیوں کی جانب سے ٹیسٹ میچوں سے ریٹائرمنٹ لینے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد پی سی بی نے ٹیسٹ میچ فیس ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹسٹ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی دلچسپی بڑھانے کیلئے ٹسٹ میچ کی فیس کئی گنا بڑھا دی ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق اے کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو فی ٹسٹ7 لاکھ 62 ہزار300 روپے فیس ادا کی جائے گی جبکہ انہیں ون ڈے میں4 لاکھ 68 ہزار 815 روپے اور ٹی ٹوئنٹی میچ میں3لاکھ 38 ہزار 250 روپے بطور فیس ملیں گے۔ ان کھلاڑیوں کیلئے دیگر بونسز اور لوگو فیس الگ ہے۔اس کے بعد پی سی بی کی جانب سے بی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ میچ کی فیس 6لاکھ65 ہزار 280 روپے، ون ڈے میچ کی فیس 3لاکھ 90ہزار33 اور ٹی ٹوئنٹی میچ کی فیس 2 لاکھ 70ہزار600 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق اب سی کیٹیگری کے حامل کرکٹرز کو ٹسٹ میچ میں بطور فیس5لاکھ68ہزار260 روپے دیئے جائیں گے جبکہ ون ڈے میچ فیس3 لاکھ12 ہزار543روپے ہوگی اور ٹی ٹوئنٹی میچ کی فیس 20میں2 لاکھ 2 ہزا ر 950 روپے ادا کی جائے گی۔ ساتھ ہی پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ ہندوستان کو میچ ہرانے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو میچ فیس کا 100فیصد بونس دیا جائے گا۔