ہندوستان کو نشے کی لعنت سے آزاد کروانے کا عزم

   

اظہر الدین کی قیادت میں ہزاروں طلباء کا حلف ، نشہ مکت ریالی کا انعقاد
حیدرآباد۔14؍نومبر ۔ ( راست ) ۔ محمد اظہر الدین ریاستی وزیر اقلیتی بہبود و پبلک انٹر پرائیزیس نے آج یوم اطفال کے موقع پر ہزاروں طلبہ کو حلف دلایا کہ ہندوستان کو نشہ کی لعنت سے آزاد کروایا جائے گا۔ محمد اظہر الدین آج صبح سنجیویا پارک میں نشہ مکت ابھیا ن ریالی سے مخاطب تھے جس کا اہتمام ویک اپ ہیومانیٹی آرگنائیزیشن نے کیا تھا۔ جناب فہیم قریشی صدر ٹمریز، جناب طارق انصاری چیرمین تلنگانہ مائیناریٹی کمیشن ، جناب افتخار شریف فرسٹ اوور سیز سٹیزن کے علاوہ ڈی ایس پی نارکوٹیکس مسٹر سیدلو ، سابق ایم ایل اے، ایم رنگا ریڈی اسد الدین عباس، یوتھ ایمبسیڈر ویک اپ ہیومانیٹی کانگریس قائد شیخ اکبر، مجتبیٰ عامر چیرمین وی آئی پی انٹر نیشنل اسکولس اور سید واسع لیگل ایڈوائیزرشہ نشین پر موجود تھے۔سید نور صدر آرگنائیزیشن نے مہمانوں کا استقبال کیا اور کاروائی چلائی۔ محمد اظہر الدین نے نشہ مکت ابھیان کی ستائش کی۔ جناب فہیم قریشی نے خبردار کیا کہ نوجوانوں میں نشہ کی لعنت سے ان کے والدین پریشان ہیں۔ کیونکہ بچوں کا کیرئیر اور مستقبل تاریک ہو رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ سماج کی اہم شخصیات کو نشہ مخالف تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ جناب افتخار شریف نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کی نقل و حرکت ان کی سرگرمیوں اور ان کے دوست و احباب پر کڑی نظر رکھیں۔ جناب سید نور نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل پر نظر رکھے اور ان میں شعور بیدار کریں۔ جناب طارق انصاری ، اسد الدین عباس نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر کئی سیاسی قائدین علماء اور اکابرین کے علاوہ مختلف اسکولس کے نمائندے موجود تھے۔