ہندوستان کو نیوزی لینڈکے خلاف T20 میں شکست

   

مندھنا کے 86 رنز ضائع،0-3 سیریزناکامی کے باعث ہندوستانی ویمنس ٹیم کا صفایا

ہیملٹن۔ 10 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اتوار کو کھیلے گئے ویمنس T20 انٹرنیشنل میں ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ہندوستان جیت جائے گا لیکن آخری اوور میں باؤنڈری کھیلنے میں ناکامی نے کھیل کا پانسہ ہی بدل دیا اور نیوزی کو صرف دو رنز سے جیت حاصل ہوئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے 162 رنز کا نشانہ رکھا گیا تھا اور شروعات بلے باز سمرتی مندھنا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 بالز کی مدد سے 86 رنز بنائے لیکن بقیہ خواتین کھلاڑیوں نے اس سلسلے کو آخر تک جاری نہ رکھ سکے اور آخری اوور تک 4 وکٹس کے نقصان سے 159 رنز ہی بناسکے۔ تین کھیلوں کی سیریز ہندوستان اپنے پہلے اور دوسرے میچس میں شکست کے باعث ہی ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔ آخری وقت میں ہندوستان نے میتھالی راج کو ٹیم میں گیارہویں کھلاڑی کی حیثیت سے شامل کیا تھا جنہوں نے 20 بالز میں 24 رنز اسکور کئے۔ وہ کپتان ہرمن پریت کور جو صرف 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھیں، کے بعد میدان میں آئی تھیں لیکن کھیل کی آخری ڈیلیوری جولیکا سیرک کررہی تھیں ، وہ فیصلہ کن آخری ڈیلیوری ثابت ہوئی۔ ہندوستان کو آخری اوور میں 16 رنز کی ضرورت درکار تھی اور راج اور دپتی شرما کی باؤنڈریز کی بدولت ہندوستان کی جیت یقینی دکھائی دے رہی تھی لیکن آخری بال میں باؤنڈری پر چوکے کو روک دینے کے باعث ہندوستانی امیدوں پر پانی پھیر گیا۔ کپتان ہرمن پریت کور کا خراب فام میں ہونا ٹیم کیلئے ضرر رساں ثابت ہوا اور ان کی بدولت ٹیم کو بالآخر 0-3 سیریز شکست سے دوچار کردیا۔ اس سے قبل ہندوستان نے ODI سیریز 2-1 سے جیت چکی ہے۔