نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے آج امریکی نائب صدر کملا ہیرس سے ہندوستان کو کورونا ویکسین کی سپلائی سے متعلق امور پر بات چیت کی اور امریکی حکومت کے علاوہ این آر آئیز کی جانب سے تعاون اور اظہار یکجہتی پر اظہار تشکر کیا ۔ وزیراعظم کے دفتر نے بتایا کہ کملا ہیرس نے مودی کو ہندوستان کے بشمول دیگر ممالک کیلئے ویکسین کی دستیابی سے متعلق امریکی منصوبہ سے واقف کروایا ۔ عالمی سطح پر ویکسین کی فراہمی کی حکمت عملی کے تحت امریکہ کے اقدامات کی ستائش کی ۔ دونوں قائدین نے ویکسین کی تیاری کے شعبہ کے بشمول ہندوستان اور امریکہ کے درمیان ہیلت سپلائی چین کو مستحکم کرنے کیلئے جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم مودی نے عالمی سطح پر صحت سے متعلق صورتحال کے معمول پر آنے کے فوری بعد امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے ہندوستان میں خیرمقدم کی توقع کا بھی اظہار کیا ۔ اسی دوران وزارت خارجی امور نے بتایا کہ حکومت بیرونی ممالک سے ویکسین کی مناسب سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے ۔