ہندوستان کو پہلے ٹسٹ میں 10 وکٹوں کی شکست

   

ویلنگٹن ۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بیٹسمینوں کی ایک اور مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے یہاں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں مہمان ٹیم کو نیوزی لینڈ کے خلاف 10 وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی اور اندرون چار دن ٹیم چاروں شانے چت ہوگئی۔ نیوزی لینڈ ٹیم جسے کامیابی کیلئے صرف 9 رنز بنانے تھے اس کے اوپنرس نے 10گیندوں میں مطلوبہ نشانہ حاصل کرتے ہوئے 10 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے آج چوتھے دن کے کھیل کا آغاز 144/4 سے کیا لیکن وہ دوسری اننگز میں بھی 81 اوورس کھیلنے کے بعد 191 پر ڈھیر ہوگئی جبکہ اس نے پہلی اننگز میں 165 رنز ہی بنائے تھے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ جس نے ہوئی پہلی اننگز میں 348 رنز اسکور کئے تھے اسے کامیابی کیلئے صرف 9 رنز کا نشانہ ملا جسے اوپنرس نے باآسانی حاصل کرتے ہوئے نیوزی لینڈ ٹیم کی ٹسٹ کرکٹ میں 100 ویں کامیابی کو یقینی بنایا۔ ہندوستان کو ٹسٹ میں آخری مرتبہ 2018-19ء میں آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں میں شکست ہوئی تھی جبکہ آئی سی سی کی چمپئنس ٹرافی میں اس نے مسلسل 7 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی تھی اب اس کا تسلسل بھی ٹوٹ گیا ہے۔ 100 ویں مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے نہ صرف 60 نشانات حاصل کرلئے ہیں بلکہ 1-0کی ناقابل تسخیر سبقت بھی حاصل کرلی ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری مقابلہ 29 فروری کو شروع ہوگا۔ نیوزی لینڈ کیلئے دوسری اننگز میں لیتھم نے 4 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 7 اور بلنڈل نے 6 گیندوں میں دو رنز اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ٹم ساوتھی کو مقابلہ میں 9 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا جنہوں نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔